قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے سنگین جرائم میں مطلوب قیدی کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ مشترکہ کارروائی ضلع ملیر پولیس، وفاقی انٹیلیجنس ایجنسی، شاہ لطیف پولیس اور جیل پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم طاہر عرف پولکا کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملیر جیل سے فرار ہونے والےمزید 4 قیدی گرفتار، 68 تاحال مفرور
کارروائی تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں انٹیلیجنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم طاہر عرف پولکا 9 مئی 2026 کو جیل میں منعقہ ایک تقریب کے دوران مہمانوں کی آڑ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
ملزم قتل دفعہ 302 اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں گرفتاری کے بعد عدالتی حکم پر جیل منتقل کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: ملیر جیل سے قیدیوں کا فرار: دیواریں کمزور تھیں یا اہلکاروں نے غفلت برتی؟
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم پہلے بھی تھانہ جوہرآباد سے گرفتار ہو کر جیل بھجوایا جا چکا ہے۔
فرار کے بعد اس کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں مقدمہ الزام نمبر 909/2026 درج کیا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران جیل حکام نے بھی گرفتار ملزم کی شناخت کی تصدیق کی، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
بعد ازاں وفاقی انٹیلیجنس ٹیم اور پولیس نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی مکمل کرتے ہوئے فرار قیدی کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔













