’کوکین کوئین‘ کے بعد، پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والی ’ملکہ‘ بھی گرفتار

جمعرات 14 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے ضلع ملیر میں قائدآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے 35 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے ایک خاتون کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ضلع ملیر پولیس نے منشیات فروش عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی اور ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے انمول عرف پنکی کیسے کراچی میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کا دھندا چلاتی تھی؟

قائدآباد پولیس نے خداداد قبرستان کے سواتی محلے میں کامبنگ اور سرچ آپریشن کے دوران خفیہ اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزمہ نرگس عرف ملکہ زوجہ وکیل کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے 35 کلو 265 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منشیات کراچی کے مختلف علاقوں، خصوصاً پوش علاقوں، اور اندرونِ سندھ میں سپلائی کی جانی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ایک منظم منشیات نیٹ ورک کا حصہ ہے، جس کے مزید ساتھی بھی شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیے سینیٹ داخلہ کمیٹی: ‘کوکین کوئین’ کے گاہکوں میں شامل ججز، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے نام طلب

حکام کے مطابق مؤثر کارروائی کے ذریعے اس نیٹ ورک کو بڑی حد تک توڑ دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قائدآباد تھانے میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش عناصر اور ان کے ناپاک عزائم کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp