پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے اور بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی سے نہیں روکا جا سکتا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

منگل 19 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے کالج میں اعلیٰ معیار کی تربیت، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی اور فرض شناسی کے باعث نمایاں رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پروقار تقریب: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے جدید جنگوں کی تیزی سے بدلتی نوعیت کا ذکر کرتے ہوئے ابھرتی ٹیکنالوجی، کثیر الجہتی کارروائیوں، تینوں مسلح افواج کے باہمی اشتراک اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افسران اور جوانوں کو بدلتی جنگی صورتحال کے مطابق مسلسل تربیت دی جانی چاہیے تاکہ ہر قسم کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جھوٹے پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور عوام کے اتحاد کے باعث پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔

مزید پڑھیں:مقبوضہ جموں کشمیر میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حمایت میں پوسٹرز لگ گئے

انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرز حکمرانی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی عوامی بہبود اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری اقدامات کو بھی سراہا۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی بھی تعریف کی۔

کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp