وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے بجلی صارفین کو جعلی سبسڈی اسکیموں، مشکوک آن لائن لنکس اور کیو آر کوڈز کے ذریعے ہونے والے فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ہیکرز اور جرائم پیشہ عناصر شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کے لیے جعلی طریقے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ معاملے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن نے جمعے کے روز بجلی صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بعض ہیکرز اور جرائم پیشہ عناصر حکومتی سبسڈی اسکیم کے نام پر جعلی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
صارفین کے لیے جاری کردہ ایک مشاورتی بیان میں پاور ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ بعض عناصر بجلی کے بلوں پر سبسڈی دینے کے بہانے جعلی کیو آر کوڈز اور مشکوک آن لائن لنکس کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات چرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صارفین کو ایک مخصوص لنک پر کلک کرنے اور 4 مراحل پر مشتمل عمل کے ذریعے اپنی ذاتی معلومات فراہم کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ تمام تفصیلات درج کرنے کے بعد صارفین سے اسی لنک پر 6 ہندسوں پر مشتمل تصدیقی کوڈ بھی طلب کیا جاتا ہے۔
پاور ڈویژن نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے تمام طریقے غیر قانونی اور دھوکا دہی پر مبنی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر بدنیتی پر مبنی مقاصد کے لیے کیو آر کوڈز کا استعمال کر رہے ہیں۔
وزارتِ توانائی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ بجلی سبسڈی حاصل کرنے کے لیے اپنی ذاتی معلومات نہ تو آن لائن فراہم کریں اور نہ ہی کاغذی شکل میں کسی غیر متعلقہ فرد یا ادارے کے حوالے کریں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس فراڈ میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔













