ہاکی ورلڈ کپ: 4 مرتبہ کا عالمی چیمپیئن پاکستان جنوبی افریقہ کو ہرا کر 11ویں پوزیشن لینے میں کامیاب

ہفتہ 29 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

4 مرتبہ کے عالمی چیمپئن پاکستان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے درجہ بندی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کلاسیفیکیشن میچ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2-4 سے شکست دے دی

ایمسٹل وین کے واگنر اسٹیڈیم میں جمعے کو کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان نے پہلے مقررہ وقت میں 4-4 سے برابری کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی 11ویں پوزیشن گزشتہ 20 برسوں میں عالمی کپ میں اس کی بہترین کارکردگی ہے۔ گرین شرٹس نے سنہ 2010 اور سنہ 2018 کے عالمی کپ میں 12ویں پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ سال 2014 اور سال 2023 کے عالمی کپ کے لیے وہ کوالیفائی ہی نہیں کرسکا تھا۔

پاکستان کی عالمی کپ میں آخری مرتبہ اس سے بہتر کارکردگی سنہ 2006 میں سامنے آئی تھی جب قومی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔

جنوبی افریقہ کی ابتدائی برتری

سنسنی خیز مقابلے کا آغاز جنوبی افریقا کی برتری سے ہوا۔ ٹریور ڈی لورا نے 8ویں منٹ میں گول کرکے جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری دلائی۔

مزید پڑھیے: پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں فتح کا ذائقہ چکھ لیا، جاپان کو 3-4 سے شکست دیدی

دوسرے کوارٹر کے آغاز کے صرف تین منٹ بعد ڈایان کیسیئم نے دوسرا گول کرکے جنوبی افریقا کی برتری 2-0 کردی۔

تاہم پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار واپسی کی۔ افراز اور محمد عماد نے گول کرکے اسکور 2-2 سے برابر کردیا اور دونوں ٹیمیں برابر اسکور کے ساتھ ہاف ٹائم میں داخل ہوئیں۔

تیسرے کوارٹر کے دوسرے منٹ میں رانا وحید اشرف نے گول کرکے پاکستان کو پہلی مرتبہ برتری دلادی، تاہم کوارٹر کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے دوبارہ مقابلہ برابر کردیا۔

جنوبی افریقا کے مستفا کیسیئم نے 40ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 3-3 کردیا۔

آخری لمحات میں پاکستان کی سنسنی خیز واپسی

چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کے لیے بھرپور کوشش کی۔

مزید پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ 2026: بھارت اہم میچ میں پاکستان کو ہرا کر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا

جنوبی افریقہ کو 55ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جس پر مصطفیٰ نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر 4-3 کی برتری دلادی۔

پاکستان نے شکست تسلیم کرنے کے بجائے آخری لمحات میں زبردست جوابی حملہ کیا اور میچ کے آخری منٹ میں محمد حمادالدین نے گول کرکے اسکور 4-4 سے برابر کردیا۔

اس گول کے بعد مقررہ وقت میں میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا اور فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے کیا گیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بھی سنسنی خیز مقابلہ

جنوبی افریقہ کی جانب سے مقررہ وقت میں 2 گول کرنے والے مصطفیٰ کیسیئم نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پہلا شاٹ لیا اور اسے کامیابی سے گول میں تبدیل کردیا۔

پاکستان کی جانب سے ذکریا حیات نے پہلا شاٹ لیا اور اسکور 1-1 کردیا۔

یہ بھی پڑھیے: سابق اولمپیئن رحیم خان کو پاکستان کی ہاکی ورلڈ کپ میں کامیابی پر شکوک

دونوں ٹیموں کی جانب سے دو، دو کوششوں کے بعد بھی مقابلہ برابر رہا۔ جنوبی افریقہ کے کیلون ڈیوس اور پاکستان کے عمر مصطفیٰ نے بھی اپنے اپنے شاٹس پر گول کیے۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ کے ہانس نیتھلنگ اور جیمی سیلز اپنی اگلی دو کوششوں میں ناکام رہے، جبکہ پاکستان کے حنان شہید نے گول کرکے گرین شرٹس کو 3-2 کی برتری دلادی۔

پاکستان کو فتح کے لیے صرف رانا وحید اشرف کے گول کی ضرورت تھی، لیکن وہ پنالٹی اسٹروک پر گیند کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے۔

جنوبی افریقہ کے لیے آخری شاٹ لینے والے مستفا نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور گول کرکے اسکور 3-3 کردیا جبکہ پاکستان کی ایک کوشش ابھی باقی تھی۔

بالآخر فیصلہ کن ذمہ داری سابق کپتان عماد بٹ کے کندھوں پر آئی۔

تجربہ کار عماد بٹ نے دباؤ کے باوجود اعصاب پر قابو رکھا اور فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو سنسنی خیز فتح دلا دی۔

مزید پڑھیں: ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان

یوں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp