بنگلہ دیش میں بچوں کے خلاف بڑھتے تشدد پر یونیسیف کی شدید تشویش

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونیسیف نے بنگلہ دیش میں بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد، زیادتی اور قتل کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کے خلاف بڑھتی ’بربریت‘ کو روکنے کے لیے ملک میں تحفظِ اطفال اور خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے نظام کو فوری طور پر مؤثر بنانا ہوگا۔

جمعے کے روز جاری کیے گئے بیان میں بنگلہ دیش میں یونیسیف کی نمائندہ رانا فلاورز کی جانب سے کہا گیا کہ ادارہ حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات پر ’گہرے دکھ اور صدمے‘ میں مبتلا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ افسوسناک واقعات ان مقامات پر پیش آئے جہاں بچوں کو خود کو سب سے زیادہ محفوظ محسوس کرنا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیے ڈھاکہ: بچے کے قتل کے خلاف احتجاج، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا

یونیسیف نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی اور پُرتشدد جرائم میں اضافہ اس امر کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ ملک میں تحفظِ اطفال اور صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی فوری ضرورت ہے۔

ادارے نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’بے خوفی اور استثنیٰ کی ثقافت کو ختم کرنا ہوگا۔‘

یونیسیف نے حکام پر زور دیا کہ وہ جرائم کی روک تھام کے نظام، شکایات درج کرنے کے طریقہ کار، ادارہ جاتی تحفظ، بچوں کے لیے دوستانہ پولیسنگ، عدالتی نظام اور سماجی خدمات کو مؤثر بنائیں۔

بیان میں متاثرہ بچوں کے لیے نفسیاتی معاونت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جبکہ اسکولوں، مدارس، دفاتر، محلوں اور بچوں کی نگہداشت کے مراکز میں جوابدہی کا نظام مضبوط بنانے کی ضرورت اجاگر کی گئی۔

یونیسیف نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کی عزتِ نفس اور نجی زندگی کا احترام کریں اور حساس تصاویر، ویڈیوز یا ذاتی معلومات آن لائن شیئر کرنے سے گریز کریں۔

ادارے کے مطابق اس نوعیت کا مواد شیئر کرنا بھی ایک طرح کا استحصال ہے، جو متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کی تکلیف میں مزید اضافہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش میں بچوں سے زیادتی کے 90 فیصد ملزمان متاثرین کے قریبی نکلے، رپورٹ

یونیسیف نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ تشدد اور زیادتی کے خلاف آواز بلند کریں کیونکہ معاشرے کی خاموشی ایسے جرائم کو مزید پھیلنے کا موقع دیتی ہے۔

ادارے نے فوری مدد اور معاونت کے لیے بنگلہ دیش کی چائلڈ ہیلپ لائن 1098 استعمال کرنے کی بھی اپیل کی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں حالیہ مہینوں کے دوران بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے متعدد واقعات کے بعد عوامی تشویش میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp