محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ میں شدید ترین ہیٹ ویو (شدید گرمی کی لہر) کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی ہے۔ موسماتی تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ چند دنوں میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں شدید گرمی کی لہر: کن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق، 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول کے اوسط سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اندرونِ سندھ کے کئی اضلاع میں گرمی کی شدت اس حد تک بڑھ سکتی ہے کہ وہاں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو جائے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی پٹی پر بھی حبس کے باعث گرمی کی حقیقی شدت عام درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس ہوگی۔

شدید ترین موسمی صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے کسانوں، بزرگوں اور عام شہریوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دن کے وقت غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے مکمل گریز کریں، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے پانی اور نمکیات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔














