پاکستان چین زرعی شراکت داری، کسانوں کو جدید اور سستی مشینری فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے تحت چین کے شہر چانگژو میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی مشینری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ہارون اختر خان نے چینی زرعی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں جدید ٹریکٹرز، ہارویسٹرز اور دیگر زرعی آلات کی پاکستان میں فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقاتوں کے دوران چینی کمپنی Changfa Group کے ساتھ زرعی مشینری کی پاکستان میں مقامی سطح پر تیاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت پاکستان کسانوں کو سستی اور معیاری زرعی مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ زرعی میکانائزیشن کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی ممکن بنائی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ زرعی انفراسٹرکچر میں جدید توانائی اور اسمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان دیہی معیشت اور زرعی ترقی کے میدان میں چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ جدید زرعی مشینری کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔

رانا تنویر حسین کے مطابق حکومت پاکستان زرعی شعبے میں عالمی تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار بھی کیاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون اب ایک نئے اور توسیعی مرحلے میں داخل ہورہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp