امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی امید پر اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، جہاں انڈیکس ابتدائی منٹوں میں ہی 3600 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔
صبح 9 بج کر 34 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 171,456.12 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 3,611.88 پوائنٹس یعنی 2.15 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال
مارکیٹ میں تقریباً تمام اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہیں۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، حبیب بینک، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، مسلم کمرشل بینک، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ماری انرجیز، میزان بینک اور حبکو پاور کمپنی جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +2747.21 points this morning. Current index is at 170,591.45 points (9:45 AM) pic.twitter.com/zUzm8ICMj1— Investify Pakistan (@investifypk) May 25, 2026
اطلاعات کے مطابق مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے 2 جہاز پیر کے روز آبنائے ہرمز سے نکل کر پاکستان اور چین کی جانب روانہ ہوئے، جبکہ عراقی خام تیل لے جانے والا ایک سپر ٹینکر بھی تقریباً 3 ماہ تک پھنسے رہنے کے بعد ہفتے کے روز خلیج سے روانہ ہوگیا۔
گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا، جہاں خطے میں جغرافیائی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کی امیدوں کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، اگرچہ معاشی دباؤ بدستور موجود رہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل، انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
ہفتہ وار بنیادوں پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2,248.19 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 167,844.25 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر بھی پیر کے روز اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی، جبکہ امریکی ڈالر اور تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کیلئے کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں محتاط رجحان بھی برقرار ہے۔
مشرق وسطیٰ میں تقریباً 3 ماہ سے جاری تنازع نے توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا اور عالمی معاشی منظرنامے کو متاثر کیا، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا بھر میں تیل اور ایل این جی کی ترسیل کیلئے نہایت اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
عالمی مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، جہاں نیسڈیک فیوچرز میں 1.2 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی فیوچرز میں 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 3 فیصد اضافہ ہوا اور وہ پہلی بار 65 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا، جبکہ ایشیا پیسیفک شیئرز کے ایم ایس سی آئی انڈیکس میں بھی 1 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔














