نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے عیدالاضحیٰ کی نماز میں آرسنل فٹبال کلب کے تھیم پر مبنی کرتا پہن کر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔ ان کے منفرد لباس کی تصاویر وائرل ہو گئیں جبکہ فٹبال سے ان کی گہری وابستگی ایک بار پھر خبروں کا حصہ بن گئی۔
ظہران ممدانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر برونکس میں نمازِ عید ادا کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ فٹبال کلب آرسنل فٹ بال کلب سے غیر معمولی محبت کا اظہار کر دیا۔
بدھ کو نمازِ عید میں شرکت کے دوران ظہران ممدانی نے آرسنل کے تھیم پر مبنی خصوصی کرتا زیب تن کیا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ یہ کرتا آرسنل کے 2025-26 سیزن کی نیوی بلیو اور سرخ بجلی نما ڈیزائن والی اوے جرسی سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔
Eid Mubarak!
Today as we honor Prophet Ibrahim, Eid al-Adha reminds us that sacrifice is not a burden. It is an opportunity to see ourselves as part of something larger. To extend a hand to those who need it most.
I am honored to be New York City’s first Muslim Mayor and I am… pic.twitter.com/aDLiDcxFLs
— Mayor Zohran Kwame Mamdani (@NYCMayor) May 27, 2026
ظہران ممدانی یوگنڈا میں پیدا ہوئے اور وہ نیویارک شہر کے پہلے مسلمان اور ایشیائی نژاد امریکی میئر ہیں۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ 10 برس کی عمر سے آرسنل کے مداح ہیں، جب ان کے چچا نے انہیں آرسنل کے مشہور کھلاڑیوں، جن میں سلویان ولٹورڈ، ڈیوڈ سیمن، سول کیمبل اور تھیری ہنری شامل تھے، کی تصاویر والے فریج میگنیٹس تحفے میں دیے تھے۔

اگرچہ وہ امریکا کے سب سے بڑے شہر کے میئر ہیں، تاہم آرسنل کی پریمیئر لیگ کامیابی پر ان کا جوش و خروش عام مداحوں جیسا ہی دکھائی دیتا ہے۔
ظہران ممدانی کی فٹبال سے دلچسپی صرف آرسنل تک محدود نہیں۔ ان کے سوشل میڈیا فالوورز اکثر 1990 کی دہائی کے نسبتاً کم معروف فٹبالرز کے بارے میں ان کی معلومات سے متاثر ہوتے ہیں۔ وہ ہسپانوی کلب ریال اوویڈو کے شیئر ہولڈر بھی ہیں۔
انہوں نے 2012 میں اس وقت ریال اوویڈو کے شیئرز خریدنے کی عالمی مہم میں حصہ لیا تھا جب یہ کلب مالی بحران اور دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار تھا۔ اس مہم میں دنیا بھر سے تقریباً 20 ہزار افراد نے حصہ لیا تھا۔
گزشتہ نومبر میں نیویارک کے میئر منتخب ہونے والے زہران ممدانی نے 2026 فٹبال ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے فیفا کی ’ڈائنامک پرائسنگ‘ پالیسی پر بھی تنقید کی تھی۔

انہوں نے حال ہی میں نیویارک کے ایک ہزار شہریوں کے لیے لاٹری اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت خوش نصیب افراد کو 50 ڈالر میں ورلڈ کپ ٹکٹ خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔
اس لاٹری میں روزانہ 50 ہزار افراد کی شمولیت کی حد صرف تین منٹ میں مکمل ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل 2026 فیفا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا، جبکہ فائنل میچ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ادھر ظہران ممدانی کی آرسنل تھیم والی عید تقریبات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ اگر آرسنل چیمپئنز لیگ جیت گیا تو ان کی خوشی کا انداز کیا ہوگا۔
آرسنل یورپی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے چیمپئنز لیگ کے فائنل میں 30 مئی کو بوداپیسٹ میں پیرس سینٹ جرمین ایف سی کے مدمقابل ہوگا۔














