پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور فلم ساز ثمن کامران کو فوربز کی معتبر ‘30 انڈر 30 ایشیا 2026’ فہرست میں انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ہانیہ عامر جنریشن زی کی بابرہ شریف ہیں؟
یہ فہرست ہر سال 30 سال سے کم عمر ان نوجوان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جاری کی جاتی ہے جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہوں۔
فوربز کی یہ 11ویں سالانہ فہرست ہے جس میں ماضی میں بھی پاکستان سے تعلق رکھنے والی کئی نمایاں شخصیات کو فن، فیشن اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں شامل کیا جا چکا ہے۔
اداکارہ ہانیہ عامر حال ہی میں 2 کروڑ سے زائد فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون بن گئی ہیں۔
ہانیہ عامر نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
مزید پڑھیے: ہانیہ عامر کا خواتین کو باہمی اتحاد اور ایک دوسرے کی طاقت بننے کا مشورہ
ان کے حالیہ مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ نے بڑی کامیابی حاصل کی، جبکہ وہ جلد نیٹ فلکس کی پاکستان سے پہلی اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔
ہانیہ عامر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی پاکستان میں نیشنل گڈول ایمبیسیڈر بھی ہیں۔
دوسری جانب فلم ساز ثمن کامران کو بھی ان کے منفرد اور سماجی موضوعات پر مبنی کام کے باعث اس فہرست میں جگہ ملی۔
مزید پڑھیں: پاکستانیوں کا بڑا کارنامہ، فوربز 100 ٹو واچ میں 2 اسٹارٹ اپس شامل
ثمن کامران کی مختصر فلم ’دی بیڈ شی میڈ‘ کو بوسان انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا تھا جو پاکستان کا واحد منتخب منصوبہ تھا۔ یہ فلم پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور زرخیزی کے مسائل کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتی ہے۔
وہ اس سے قبل فلم ’عمرو عیار: اے نیو بیگننگ‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی ٹیک آرٹسٹ عائشہ مبارک ایشیا کے لیے فوربز انڈر 30 کی لسٹ میں شامل
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے انٹرٹینمنٹ کیٹیگری میں کوئی نمائندگی نہیں تھی تاہم اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ان کی شاندار ایتھلیٹک کامیابیوں پر اس فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔













