پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان وسیم اکرم نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے اس روحانی سفر کو اپنی زندگی کا ایک یادگار اور فیصلہ کن لمحہ قرار دیا ہے۔
الحمدللہ! اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے حجِ بیت اللہ کی سعادت سے نوازا۔
بہت سے لوگوں نے قیاس و گمان کیا کہ یہ سفر کس نے کروایا اور کیسے ہوا، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ میرا خالصانہ ذاتی فیصلہ تھا۔
میں نے اپنے دل میں ایک روحانی منزل پائی تھی جہاں حج فرض ادا کرنا ضروری… pic.twitter.com/u86vsfnZz2— Wasim Akram (@wasimakramlive) May 29, 2026
میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں اللہ تعالیٰ نے خانہ کعبہ کی زیارت اور فریضہ حج کی سعادت عطا فرما کر بے حد شکرگزاری کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر ان کا ذاتی اور خالصتاً روحانی فیصلہ تھا، جس کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں، تاہم حقیقت یہی ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے دل کی گہرائی سے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:وسیم اکرم کا شیطان کو کنکریاں مارنے کا منفرد انداز سوشل میڈیا پر وائرل
سابق کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ان کے دل میں ایک ایسا روحانی احساس پیدا ہوا جس نے انہیں اس مقدس سفر کی طرف راغب کیا، اور حج ان کے لیے ایک ناگزیر ضرورت بن گیا۔ ان کے مطابق یہ مقدس سفر ان کی روح میں ایک ایسی روشنی چھوڑ گیا ہے جو ہمیشہ روشن رہے گی۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ دیگر مسلمان بھائی بہنیں بھی اس روحانی سفر کی سعادت حاصل کریں، حج کی برکت سے فیضیاب ہوں اور اسی طرح کے روحانی سکون اور رحمت سے نوازے جائیں۔

ان کی یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور مداحوں کی جانب سے انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی جا رہی ہے، جبکہ صارفین ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔













