امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اوپا لاکا میں ایک ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد ملبے سے 2 پالتو کتوں کی معجزانہ طور پر زندہ واپسی نے سب کو حیران کردیا ہے۔
مئی کے آخری ہفتے میں لگی اس خوفناک آگ نے ایک مقامی تاجر گیری لوپیز کی 3 دہائیوں پرانی خاندانی کاروباری عمارت کو جلا کر راکھ کر دیا تھا، جس کے بعد یہ شدید خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ عمارت کے اندر موجود ان کے 2 چیتے کتے ’فانٹاسما‘ اور ’میمی‘ بھی جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب میں جانوروں کو لاپتا ہونے سے کیسے بچایا جاسکتا ہے؟
حادثے کے تقریباً 17 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد، جب فائر فائٹرز آگ پر قابو پا چکے تھے، تو مایوس نہ ہونے والے مالک کو جلے ہوئے اور دھوئیں سے ابلتے ہوئے ملبے کے نیچے سے اچانک ہلکی سی بھونکنے کی آوازیں سنائی دیں۔
گیری لوپیز نے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو مطلع کیا اور جب مشترکہ کوششوں سے بھاری ملبہ ہٹایا گیا تو دونوں کتے دھوئیں کے مرغولوں کے بیچ سے بالکل محفوظ اور زندہ حالت میں باہر نکل آئے۔
اس معجزانہ منظر کو دیکھ کر وہاں موجود فائر فائٹرز اور مقامی لوگ دنگ رہ گئے جبکہ کتوں کے مالکان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں طوطا لاپتا، تلاش گمشدہ کے اشتہار آویزاں
گیری لوپیز کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی اپنی کوئی اولاد نہیں ہے اور یہ پالتو کتے ہی ان کے بچوں کی طرح ہیں، جن کی اس ہولناک تباہی کے بعد صحیح سلامت واپسی ان کے لیے زندگی کے سب سے بڑے معجزے اور تحفے سے کم نہیں ہے۔














