نجی فضائی کمپنی ساؤتھ ایئر نے خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقوں کو ملکی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازیں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ اعلان ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور محمد طارق نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبے میں فضائی رابطوں کے فروغ اور نئی پروازوں کے آغاز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ڈگریوں کی تصدیق: ہائیر ایجو کیشن کمیشن کا نیا اور مکمل طور پر آئن لائن نظام نافذ کرنے کا منصوبہ
کنور محمد طارق نے کہا کہ ساؤتھ ایئر ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے بقول ڈی آئی خان کمپنی کے لیے ایک انتہائی اہم روٹ ہے، جبکہ چترال کے لیے بھی باقاعدہ پروازوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ملک کے چھوٹے اور دور دراز علاقوں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر رواں ماہ ملک بھر میں اپنی باقاعدہ فضائی آپریشنز کا آغاز کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
چیئرمین ساؤتھ ایئر کے مطابق کمپنی پشاور سے کراچی اور کوئٹہ کے لیے بھی پروازیں چلائے گی، جبکہ پشاور اور لاہور کے درمیان روزانہ پروازوں کا آغاز بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ساؤتھ ایئر کو ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کی پروازوں کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے میں کمپنی کی فضائی خدمات کامیاب ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فضائی رابطے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے صوبے کو پاکستان کا سیاحتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی کئی اہم علاقے فضائی سہولیات سے محروم ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ پشاور، کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے درمیان نئی پروازوں سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ روزگار، سیاحت اور تجارت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گورنر خیبرپختونخوا نے حال ہی میں ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا، جہاں انہیں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام نے بحالی کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست کراچی پروازوں کی اجازت
گورنر کے مطابق 2015 سے بند ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کے رن وے کی کارپٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی ماندہ کام بھی جلد مکمل کرکے ایئرپورٹ کو فعال بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجوزہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 1700 ایکڑ سے زائد رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس میں سالانہ 10 لاکھ سے زائد مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہوگی۔














