وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگر ’آپریشن سندور 2‘ کی تیاری کر رہا ہے تو پاکستان بھی ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کا جواب مجھے پنجابی میں دینے کی خواہش ہورہی ہے، کیوں کہ پچھلی مرتبہ بھی بھارت کچھ حاصل نہیں کر سکا تھا۔
شوق ایک بار پھر پورا کر کے دیکھ لو! خواجہ آصف کا بھارتی آرمی چیف کو دوٹوک جواب pic.twitter.com/VLE0JGI3sQ
— WE News (@WENewsPk) June 1, 2026
مزید پڑھیں: پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے، اسحاق ڈار
انہوں نے کہاکہ گزشتہ کارروائی کے بعد بھارت آج تک اپنی ناکامی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک پراکسی جنگ افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے، تاہم اس کے نتائج اور حالات سب کے سامنے ہیں۔
وزیرِ دفاع نے کہاکہ اگر بھارت اپنا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے، پاکستانی افواج ہر وقت تیار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستانی مسلح افواج گزشتہ مرتبہ کی نسبت کہیں زیادہ مؤثر انداز میں دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارت کو پچھلی مرتبہ جو شکست کا سامنا کرنا پڑا، شاید اس سے بھی اسے تسلی نہیں ہوئی، اس لیے وہ دوبارہ ایسی باتیں کر رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کے راستے شرارتیں کی جا رہی ہیں، کابل میں موجود عناصر دراصل بھارتی پراکسی کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ مختلف مقامات پر موجود یہ عناصر بظاہر الگ شناخت رکھتے ہیں، لیکن ان کی وابستگیاں نئی دہلی سے ہیں اور وہ بھارتی مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ میں 11 جہاز تباہ ہوئے، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مئی جنگ کا ذکر چھیڑ دیا
وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی سلامتی کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔














