پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو دنیا کے مضبوط ترین اور پائیدار تعلقات میں شمار کیا جاتا ہے۔ معروف چینی جریدے گلوبل ٹائمز کے مطابق پاک چین دوستی گزشتہ 75 برسوں سے عالمی سیاسی، معاشی اور سفارتی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط اور مستحکم رہی ہے۔
جریدے کے مطابق اگرچہ بین الاقوامی تعلقات عموماً مفادات کے گرد گھومتے ہیں، تاہم پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور دیرپا دوستی کی ایک منفرد مثال ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور اپنے تعلقات کو وقت کے ساتھ مزید مضبوط بنایا۔
مزید پڑھیں:پاک چین دوستی سمندروں سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اسٹیل سے زیادہ مضبوط ہے، مریم نواز
گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چین نے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے حوالے سے مسلسل سفارتی حمایت فراہم کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے بھی ہر اہم عالمی موقع پر چین کا ساتھ دیا اور اسے محض ایک شراکت دار نہیں بلکہ ایک قابلِ اعتماد دوست کے طور پر دیکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاک چین تعلقات صرف معاشی مفادات تک محدود نہیں بلکہ یہ گہری اسٹریٹجک ہم آہنگی، سیاسی بصیرت اور عوامی سطح پر موجود جذباتی وابستگی پر بھی مبنی ہیں۔ پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے آزاد خارجہ پالیسی اور تعمیری سفارتکاری کے تحت چین کو تسلیم کیا۔
پاکستان اور چین دوستی کو دنیا کے مضبوط ترین اور پائیدار تعلقات میں شمار کیا جاتا ہے۔ معروف چینی جریدے گلوبل ٹائمز کے مطابق پاک چین دوستی گزشتہ 75 برسوں سے عالمی سیاسی، معاشی اور سفارتی تبدیلیوں کے باوجود مسلسل مضبوط اور مستحکم رہی ہے۔@KulAalam @MFA_China @globaltimesnews pic.twitter.com/E8YGw5X0be
— Media Talk (@mediatalk922) June 5, 2026
گلوبل ٹائمز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان چین کی سرمایہ کاری کے تحفظ اور ملک میں موجود چینی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے وژن کے تحت پاک چین دوستی اقتصادی میدان میں ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کی نمایاں مثال چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہے۔ سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی جہت دی ہے اور علاقائی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
گلوبل ٹائمز کے مطابق پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے ایشیا کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر عسکری و سفارتی حکمت عملی نے چین، امریکا اور دیگر اہم ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔ ان کے مطابق عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک ذمہ دار، ثابت قدم اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔
ماہرین کے نزدیک پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ باہمی احترام، مشترکہ ترقی، اسٹریٹجک تعاون اور آہنی بھائی چارے کی ایک درخشاں مثال ہیں، جو مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مفادات اور علاقائی استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔














