اسرائیلی حملے میں لبنانی بریگیڈیئر جنرل سمیت 12 افراد ہلاک، لبنان میں کشیدگی مزید بڑھ گئی

اتوار 7 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنانی فوج کے ایک اعلیٰ افسر بریگیڈیئر جنرل وسام صبرا سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد لبنان اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے باوجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ لبنانی فوج کے مطابق حملے میں ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر جنرل، ایک کیپٹن اور ایک سپاہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر حملوں میں مزید نو افراد ہلاک ہوئے۔

لبنانی فوج نے بتایا کہ خاردلی اور نباتیہ کو ملانے والی سڑک پر فوجی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل وسام صبرا، کیپٹن ایلی خوری اور سپاہی حسین غزال مارے گئے۔ فوج کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مسلسل اور دانستہ حملوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔

اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مقام ایک ’فعال جنگی زون‘ تھا اور اس علاقے میں نقل و حرکت کے لیے اسرائیلی فوج سے پیشگی رابطہ ضروری تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل اور لبنان جنگ بندی پر متفق، ایران معاہدے کی امیدیں بڑھ گئیں

لبنان کے صدر جوزف عون نے حملے کو ملکی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جبکہ وزیراعظم نواف سلام نے اسے لبنان اور لبنانی عوام کے خلاف گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والے فوجی افسران اور اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے لبنان کے خلاف سنگین جرم قرار دیا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے امریکی دباؤ کے سامنے مکمل جھکاؤ اختیار کرکے ملک کو مزید خونریزی کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ ایران، سعودی عرب، اردن، قطر اور دیگر علاقائی ممالک نے بھی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے لبنان کی خودمختاری کے احترام اور فوری جنگ بندی پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل (UNIFIL) نے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ مبصرین کے مطابق مارچ میں شروع ہونے والے حالیہ تنازع کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ لبنانی فوج کا اتنا اعلیٰ عہدے کا افسر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوا ہے۔

ادھر جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی اور ڈرون حملے جاری رہے۔ صیدا ضلع کے گاؤں سکسکیہ میں ایک حملے میں 6 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ دیر الزہرانی، زفتا اور حبوش کے علاقوں میں بھی متعدد افراد جان سے گئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ 2 روز کے دوران حزب اللہ کے تقریباً 150 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ حزب اللہ نے بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ تازہ جھڑپوں نے خطے میں جنگ بندی کے مستقبل پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp