بین اسٹوکس کی ٹیسٹ کپتانی خطرے میں، نائٹ کلب واقعے کی تحقیقات شروع

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے، کیونکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ اسٹوکس اور فاسٹ بولر گس اٹکنسن کے خلاف ایک نامعلوم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جو پیر کی صبح سویرے ایک نائٹ کلب میں پیش آیا تھا۔

ای سی بی کے مطابق یہ واقعہ ٹیم پروٹوکول کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، یہ معاملہ لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی 115 رنز سے فتح کے بعد پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اتنا سنگین سمجھا جا رہا ہے کہ اسٹوکس اپنی کپتانی کے مستقبل پر بھی غور کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’تمہیں گیند کی حالت بھی دیکھنی چاہیے‘، بین اسٹوکس بال لگنے سے زخمی ہوگئے

ای سی بی نے پیر کی شام جاری بیان میں کہا کہ معاملہ کرکٹ ریگولیٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے تک اسٹوکس اور اٹکنسن کے 17 جون سے اوول میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی کھلاڑی کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا، بتایا جاتا ہے کہ نائٹ کلب میں موجود سراسنز رگبی کلب کے چند افراد بھی اس واقعے میں شامل تھے، جو سیزن کے اختتام کی تقریبات منا رہے تھے۔

تنازع مبینہ طور پر گس اٹکنسن اور سراسنز کے ایک اکیڈمی کھلاڑی کے درمیان اختلاف رائے سے شروع ہوا۔

ای سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد ٹیم پروٹوکول کی خلاف ورزی کی تحقیقات جاری ہیں، بین اسٹوکس اور گس اٹکنسن پیر کی علی الصبح ایک نائٹ کلب میں موجود تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

’ہم مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔‘

یہ تنازع ای سی بی کے لیے خاصی سبکی کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے بعد انگلینڈ ٹیم نے کھلاڑیوں اور عملے کے لیے آدھی رات کا کرفیو نافذ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: تیسرا ایشز ٹیسٹ: بین اسٹوکس مچل اسٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوکر آپے سے باہر، ویڈیو وائرل

اس دورے میں بھی کھلاڑیوں کے میدان سے باہر رویوں پر شدید تنقید ہوئی تھی۔

اسی سلسلے میں رواں سال ہیری بروک کو ایک رات گئے پیش آنے والے واقعے پر جرمانہ اور سرزنش کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جیکب بیتھل کو بھی انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

اسی طرح بین ڈکٹ کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں دکھائی دیے تھے۔

ہیری بروک اس وقت انگلینڈ کے نائب کپتان ہیں اور اگر اسٹوکس تحقیقات کے دوران ٹیم سے باہر رہتے ہیں تو دوسرے ٹیسٹ میں کپتانی کی ذمہ داری ان کے سپرد کی جا سکتی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اسٹوکس نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے شراب نوشی ترک کر دی ہے۔

تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ’ایک اچھی بیئر‘ پینے کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں: ’10 رنز سے کچھ نہیں بدلتا‘، بین اسٹوکس کا ’ہینڈ شیک‘ تنازع پر ردعمل

اسٹوکس کا کیریئر ماضی میں بھی نظم و ضبط کے مسائل سے متاثر رہا ہے، 2017 میں برسٹل میں ایک ایک روزہ میچ کے بعد وہ ایک سڑک پر جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔

اگرچہ عدالت نے انہیں بری کر دیا تھا، تاہم ای سی بی نے کھیل کی بدنامی کا باعث بننے پر جرمانہ اور معطلی کی سزا دی تھی۔

ای سی بی نے تاحال نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

امریکی اراکین کانگریس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و معاشی تعاون پر تبادلہ خیال

مطالعے کے بدلتے انداز: مصنوعی ذہانت نے اب کتابوں سے گفتگو بھی ممکن بنادی

وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام کا آغاز ہوگیا: شہری آسان قرض کیسے حاصل کریں؟

جرمن کارساز کمپنی پورشے کا مزید 5 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

وفاقی حکومت کا نیشنل اے آئی انیشی ایٹو پروگرام کے تحت ملک بھر میں 7 جدید ’اے آئی ہبز‘ قائم کرنے کا اعلان

ویڈیو

جنوبی افریقہ میں فائرنگ کا واقعہ، 2 سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی جاں بحق، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں وقفہ، عالمی منڈی میں تیل 6 فیصد سے زائد سستا

ایرانی بحری جہاز پر حملہ، تہران کی یوکرین کو سخت جوابی کارروائی کی دھمکی

کالم / تجزیہ

فخر درانی۔ ایک دلیر صحافی

دریاؤں کا مقدمہ اور معرکۂ حق

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان