فیفا ورلڈکپ 2026 تنازعات کی زد میں: سیاست، مہنگے ٹکٹ اور ماحولیاتی خدشات پر شدید تنقید

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل ہی ٹورنامنٹ کو مختلف تنازعات اور تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین نے فیفا کی سیاسی غیرجانبداری، امریکی ویزا پالیسیوں، ٹکٹوں کی غیرمعمولی قیمتوں، ٹیموں کی تعداد میں اضافے اور ماحولیاتی اثرات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت نے فیفا کی سیاسی غیرجانبداری پر بحث چھیڑ دی ہے۔

مزید پڑھیں: فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کا جلد پاکستان کے دورے کا اعلان

ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی فٹبال تنظیم کو سیاسی معاملات سے دور رہنا چاہیے، تاہم حالیہ سرگرمیوں نے مختلف حلقوں میں تشویش پیدا کی ہے۔

دوسری جانب امریکی امیگریشن اور ویزا قوانین بھی تنقید کی زد میں ہیں۔ ایران اور ہیٹی کے شائقین پر امریکا میں داخلے کی پابندی کے باعث وہ اپنی ٹیموں کے میچز براہِ راست نہیں دیکھ سکیں گے، جبکہ سینیگال اور آئیوری کوسٹ کے شائقین کو بھی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سخت امیگریشن پالیسیوں سے عالمی ایونٹ کی روح متاثر ہو سکتی ہے۔

ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی شدید بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔ فیفا کے ڈائنامک پرائسنگ نظام کے تحت بعض میچوں اور خصوصاً فائنل کے ٹکٹ ہزاروں ڈالر میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فائنل کے ایک ٹکٹ کی قیمت 6 لاکھ 90 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی، جس پر شائقین اور صارفین کے حقوق کی تنظیموں نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔

اس بار ورلڈ کپ میں 32 کے بجائے 48 ٹیمیں شریک ہوں گی، جس کے نتیجے میں میچوں کی تعداد 64 سے بڑھ کر 104 ہو جائے گی۔ کئی ماہرین کا خیال ہے کہ ٹیموں کی تعداد میں اضافے سے مقابلوں کا معیار متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ ناقدین اسے فیفا کی اندرونی سیاست اور چھوٹی فٹبال فیڈریشنز کو خوش کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا نے افریقہ کے بہترین صومالی ریفری کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا، فیفا کی تصدیق

ماحولیاتی تنظیموں نے بھی ورلڈ کپ 2026 کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ماہرین کے مطابق میزبان شہروں کے درمیان طویل فاصلے، فضائی سفر میں اضافے اور ٹرانسپورٹ کے وسیع استعمال کے باعث اس ٹورنامنٹ سے 90 لاکھ ٹن سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کا امکان ہے۔ بعض تنظیموں نے اسے تاریخ کا سب سے زیادہ ماحول کو متاثر کرنے والا ورلڈ کپ قرار دیا ہے۔

مبصرین کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے عالمی ایونٹ کے آغاز سے پہلے سامنے آنے والے یہ تنازعات فیفا اور میزبان ممالک کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں، جبکہ شائقین کی توجہ اب صرف میدان کے کھیل ہی نہیں بلکہ ان مسائل پر بھی مرکوز ہے جو ورلڈ کپ کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp