جیفری ایپسٹین نے ذاتی معاملات کو دباؤ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، بل گیٹس کا انکشاف

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے امریکی کانگریس کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدنام زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین نے ان کے ذاتی معاملات سے متعلق معلومات کو دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی،تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے یہ بیان امریکی ایوانِ نمائندگان کی نگرانی کمیٹی کے سامنے بند کمرہ سماعت میں دیا، جہاں ان سے ایپسٹین کے ساتھ ان کے تعلقات اور ملاقاتوں کے بارے میں سوالات کیے گئے۔ کمیٹی ایپسٹین اور اس سے منسلک افراد کے خلاف تحقیقات میں امریکی محکمہ انصاف کے اقدامات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جیفری ایپسٹین کا خفیہ سوسائیڈ نوٹ منظر عام پر، موت کا وقت ’خود چننے‘ پر اظہار اطمینان

بل گیٹس نے کہا کہ ایپسٹین سے ملاقات کرنا ان کی ایک بڑی غلطی تھی اور انہیں ابتدا ہی میں اس تعلق سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق ایپسٹین نے ان کے ساتھ تعلقات کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی، مگر وہ ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کی ملاقاتیں 2011 سے 2014 کے دوران ہوئیں، جن میں زیادہ تر ایک ممکنہ فلاحی منصوبے اور عطیات سے متعلق معاملات پر بات چیت شامل تھی، تاہم یہ منصوبہ کبھی عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔

گیٹس نے وضاحت کی کہ انہیں معلوم تھا کہ ایپسٹین ماضی میں قانونی مسائل کا سامنا کر چکا تھا، لیکن اس وقت انہیں اس کے خلاف الزامات اور جرائم کی مکمل نوعیت کا اندازہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایپسٹین سے تعلق نے ان کے سماجی اور فلاحی کاموں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، کیونکہ ان کے کام کی بنیاد اعتماد پر قائم ہے۔

بل گیٹس نے ایپسٹین کے مبینہ رویے کو اپنی اقدار اور دنیا کو بہتر بنانے کی کوششوں کے بالکل برعکس قرار دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایپسٹین کو کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہوتے نہیں دیکھا اور نہ ہی خود کسی غلط کام میں شریک رہے۔

یہ بھی پڑھیں:بل گیٹس نے جیفری ایپسٹین سے تعلق کو ’بڑی غلطی‘ قرار دیدیا، فاؤنڈیشن عملے سے معذرت

ایپسٹین کے ساتھ گیٹس کے تعلقات کا معاملہ 2019 میں اس وقت دوبارہ سامنے آیا تھا جب ایپسٹین کو جنسی جرائم اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس معاملے میں کئی معروف شخصیات سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp