پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن شعبے نے مالی سال 2026 کے دوران ترقی کا سفر جاری رکھا اور جہاں آئی ٹی برآمدات، ڈیجیٹل رابطوں اور فری لانسرز کی آمدنی میں نمایاں اضافے نے اس شعبے کو ملکی معیشت کا ایک اہم ستون بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقتصادی سروے کے اثرات، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس مثبت زون میں بند
اقتصادی سروے کے مطابق مالی سال 2026 کے جولائی تا مارچ عرصے کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3.39 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، بزنس پراسیس آؤٹ سورسنگ اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہیں۔
اسی عرصے میں آئی ٹی شعبے نے 2.91 ارب امریکی ڈالر کا تجارتی سرپلس بھی حاصل کیا جس سے یہ شعبہ زرمبادلہ کمانے کے اہم ترین ذرائع میں شامل ہو گیا ہے۔
؎حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل خدمات کے فروغ سے نہ صرف پاکستان کے بیرونی مالیاتی کھاتوں کو سہارا ملا ہے بلکہ ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔
فری لانسرز نے بھی ملکی ڈیجیٹل معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 856.3 ملین امریکی ڈالر کی آمدنی حاصل کی۔ پاکستان خطے کی نمایاں فری لانس مارکیٹوں میں شمار ہونے لگا ہے جہاں ہزاروں ٹیکنالوجی ماہرین دنیا بھر کے صارفین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: پاکستان کی انٹرنیشنل کیپیٹل مارکیٹ میں کامیاب واپسی، ترسیلاتِ زر 34 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، اقتصادی سروے
دوسری جانب ٹیلی کمیونی کیشن شعبے کی کارکردگی بھی حوصلہ افزا رہی۔ مالی سال کے دوران ٹیلی کام شعبے کی مجموعی آمدنی 837 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ ڈیجیٹل خدمات اور مواصلاتی سہولیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو قرار دیا جا رہا ہے۔
ملک میں ڈیجیٹل رابطوں کے دائرے میں بھی مسلسل وسعت دیکھی گئی۔ مارچ 2026 کے اختتام تک براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 16 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی، جبکہ موبائل اور فکسڈ لائن صارفین سمیت مجموعی ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ 72 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات میں اضافہ ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہے جو ای کامرس، آن لائن تعلیم، مالیاتی ٹیکنالوجی اور ریموٹ ورک جیسے شعبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: چیلنجز کے ساتھ صحت کے شعبے میں بہتری، اوسط عمر 67.8 سال تک پہنچ گئی، اقتصادی سروے
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی برآمدات اور جدت طرازی میں مسلسل سرمایہ کاری پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن شعبے کو ملکی معیشت کے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں شامل کر رہی ہے جو معاشی نمو، روزگار کے مواقع اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو مضبوط بنا رہی ہے۔














