پاکستان میں پہلی بار چینی ڈریگن بوٹ فیسٹیول، دریائے کابل پر پاک چین دوستی کا تاریخی جشن

اتوار 14 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چینی ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے سلسلے میں دریائے کابل پر منعقد ہونے والی سنسنی خیز کشتی رانی کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا پولیس اور چارسدہ کی مشترکہ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی ٹیم دوسرے اور پشاور ہائیکورٹ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

دریائے کابل پر پہلی بار چینی ثقافت کے رنگ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دریائے کابل چینی ثقافت کے رنگوں سے سجا نظر آیا، جہاں ڈریگن بوٹ فیسٹیول نے کھیل، ثقافتی ورثے اور پاک چین دوستی کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کر دیا۔

یہ منفرد تقریب چائنیز کلچرل سینٹر چائنا ونڈو پشاور اور خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اشتراک سے دریائے کابل کے کنارے منعقد کی گئی، جسے ملک کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

2 ہزار سال قدیم چینی روایت

2 ہزار سال سے زیادہ قدیم تاریخ رکھنے والے اس چینی تہوار کے انعقاد کا مقصد نہ صرف مقامی سیاحت کو فروغ دینا تھا بلکہ مقامی آبادی کو چینی ثقافت اور روایات سے روشناس کرانا بھی تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت ملک عادل اقبال نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ صوبائی وزرا فضل شکور اور اختر اللہ جان، ارکان اسمبلی، ڈپٹی کمشنر چارسدہ عظمت اللہ وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریسکیو 1122 رینا عباسی، ڈائریکٹر کلچر اینڈ ٹورازم حلیمہ اقبال سمیت ہزاروں شہریوں نے اس تاریخی موقع کا مشاہدہ کیا۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے شرکا کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔

فیڈرل کانسٹیبلری کے بینڈ نے پاک چین دوستی کی دھنیں بکھیر کر سماں باندھ دیا، جبکہ ایف سی اہلکاروں کی شاندار خٹک ڈانس پرفارمنس نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔

ڈریگن بوٹس کی دوڑ نے شائقین کو محظوظ کر دیا

رنگ برنگی ڈریگن بوٹس، ڈھول کی تھاپ اور کشتی بانوں کے پرجوش نعروں نے حاضرین کی توجہ مسلسل اپنی جانب مرکوز رکھی۔ مختلف ٹیموں میں تقسیم 100 سے زیادہ کشتی بانوں نے مقابلوں میں حصہ لیا، جن کی برق رفتار مہارت اور شاندار ٹیم ورک نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

خواتین کشتی بانوں کی نمایاں شرکت

فیسٹیول کی ایک نمایاں خصوصیت خواتین کشتی بانوں کی پُرجوش شرکت بھی تھی۔ خطے کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں خواتین نے کشتی رانی کے مقابلوں میں حصہ لیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

تقریب میں شریک چینی مہمانوں کا شرکا نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کی موجودگی کو پاک چین دوستی کی علامت قرار دیا۔

دریائے کابل کے کنارے عوام کا رش

شہریوں، نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد دریائے کابل کے کنارے جمع ہوئی تاکہ اس منفرد اور تاریخی منظر کا مشاہدہ کر سکے۔

تقریب کے اختتام پر معاون خصوصی ملک عادل اقبال نے کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

پاک چین دوستی کی مضبوط علامت

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک عادل اقبال نے کہاکہ چائنا ونڈو پشاور خیبرپختونخوا میں پاک چین دوستی کی ایک نمایاں علامت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دریائے کابل پر ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا انعقاد نہ صرف چین اور دنیا کے سامنے صوبے کا مثبت اور نرم تشخص اجاگر کرنے کا سبب بنا ہے بلکہ مستقبل میں سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر چائنا ونڈو کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس فیسٹیول کا انعقاد ہر سال باقاعدگی سے کیا جائے گا۔

ہر سال فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان

چائنا ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے کہا کہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول نے چین کی قدیم ثقافتی روایت کو پاکستان میں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے آئندہ برسوں میں اس فیسٹیول کو مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شاندار انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ڈیجیٹل دنیا میں مسٹر بِیسٹ کا راج، 50 کروڑ سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور

اسرائیلی حملے کے باعث امریکا ایران معاہدے پر دستخط کی تقریب اب کچھ گھنٹوں بعد ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

مخصوص سیاسی جماعت سے وابستہ ٹرول اکاؤنٹس اشتعال پھیلا رہے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

میرے محکمے میں 20 ارب سے زیادہ کی کرپشن ہوئی، بدعنوان عناصر کو سزا دلانا چاہتے ہیں، سعید غنی

امریکا اور ایران امن معاہدے کے قریب، اسرائیل کی جانب سے لبنان پر مزید کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے، ڈونلڈ ٹرمپ

ویڈیو

مشکل معاشی حالات میں حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

امریکا ایران ڈیل فائنل، پاکستان کو اس سے کیا فائدہ ہوگا؟

وزیراعظم شہباز شریف کی چارٹر آف اکانومی اور چارٹر آف ڈیموکریسی کے لیے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت

کالم / تجزیہ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ

سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے کیوں اہم ہیں؟

ہارڈ اسٹیٹ: گزارا کرنا سیکھیں