الیکشن کمیشن نے دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اہم اجلاس میں متعدد فیصلے کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاقی حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں اور درپیش رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مطلوبہ نقشہ جات اور دیگر ضروری ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

کمیشن نے ہدایت کی کہ 15 اضلاع کے مطلوبہ نقشہ جات اور دیگر ڈیٹا یکم جولائی 2026 سے قبل الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جائے۔
اس معاملے کی سماعت یکم جولائی کو ہوگی، جس کے لیے دونوں افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے لیے جامع اصلاحاتی پیکیج تیار، دارالحکومت کا اپنا وزیراعلیٰ بھی زیر غور
اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں سے متعلق پیش رفت کے جائزہ میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور یونین کونسلوں کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشن وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے بھجوایا جا چکا ہے۔
تاہم تاحال نہ نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں اور نہ ہی متعلقہ نقشہ جات الیکشن کمیشن کو فراہم کیے گئے ہیں۔
بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کے اہم فیصلے
بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کی صدارت کی
اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،اعلامیہ
خیبرپختونخوا حکومت کو 15 اضلاع کے…— Fahim Akhtar Malik (@writetofahim) June 23, 2026
اس صورتحال پر کمیشن نے معاملہ یکم جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اپنے دفتر کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے لیے تمام ضروری انتظامات اور تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں تاکہ انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر نہ ہو۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے رکن شیخ امتیاز محمود نے بلدیاتی انتخابات کے طریقہ کار پر الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کر لی
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور حکام سے مکمل تعاون کی توقع کی جا رہی ہے۔














