پاکستان دنیا میں ’پیس میکر‘ بن چکا، اب معاشی قوت بننا ہمارا ہدف ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

جمعرات 25 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں منفرد مقام عطا کیا ہے اور آج پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ جو عزت آج پاکستان کو حاصل ہوئی ہے، پوری قوم اس پر شکر گزار ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ اب ہماری منزل معاشی قوت بننا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اس مقصد کے حصول کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کا 983واں غسل مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا، جبکہ داتا دربار کی توسیع کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

مزید پڑھیں: پانی کا بطور ہتھیار استعمال عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ، بھارت کی آبی بالادستی قبول نہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک قومی قیادت نے ایٹمی پروگرام کی تکمیل اور مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا، جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو یہ عظیم صلاحیت عطا کی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قیام امن کے لیے شب و روز محنت کی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرکے خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کی پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا رہا۔ 28 فروری سے 25 جون تک پاکستان نے جنگ بندی اور قیام امن کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔ ہماری سفارتکاری کی آج پوری دنیا معترف ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مؤثر اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ’پیس میکر‘ کے نام سے جانتی ہے۔ معرکۂ حق کے دوران دنیا نے پاکستان کی منفرد کامیابی دیکھی اور اس کے بعد عالمی برادری پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلم امہ کی قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور ملک خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی کے منفی فیصلوں کی وجہ سے ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو گزشتہ دور کے منفی معاشی فیصلوں کو درست کرنے میں وقت لگا، لیکن اب پاکستان دن بدن ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستان کی طرف بری نگاہ سے دیکھے گا تو اسے مؤثر جواب دیا جائے گا اور ملک کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp