پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:وانا: فتنہ الخوارج کی دہشتگردی، توجی خیل قبائل کی بے دخلی اور گاڑیوں پر قبضہ
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 جون کو بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف دو اہم انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کیے گئے، جن کا مقصد ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر پیشگی کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد مارے گئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں:فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بلوچستان میں ایمبولینسز اور ادویات چھیننے کی کارروائیاں، صوبے میں صحت کا نظام متاثر
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگرد عناصر کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔












