2026 فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں 4 مرتبہ کی عالمی چیمپیئن جرمنی کو پیراگوئے کے ہاتھوں پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جرمن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیصلہ کن مرحلے پر جرمنی کے 4 کھلاڑی چھٹی پنالٹی لینے سے ہچکچا گئے، جس کے بعد پہلی بار اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں پنالٹی لینے والے دفاعی کھلاڑی جوناتھن تاہ شاٹ ضائع کر بیٹھے اور جرمنی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
جرمنی کی 2026 فیفا ورلڈ کپ مہم کا اختتام انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا، جب پیراگوئے نے راؤنڈ آف 32 کے سنسنی خیز مقابلے میں پنالٹی شوٹ آؤٹ کے بعد 4 مرتبہ کے عالمی چیمپیئن کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔
Germany are out of the World Cup after reaching the knockout stage for the first time in 12 years 😳❌
The last time they won a knockout game, they lifted the trophy 👀 pic.twitter.com/vSTHSyGbbm
— LiveScore (@livescore) June 30, 2026
مقابلہ مقررہ اور اضافی وقت میں 1-1 سے برابر رہا۔ اضافی وقت میں جرمنی کے دفاعی کھلاڑی جوناتھن تاہ کا ایک ہیڈر ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مداخلت کے بعد مسترد کر دیا گیا، جس پر جرمن شائقین اور ماہرین کی جانب سے بحث جاری ہے۔
فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں ابتدائی پانچ پنالٹیوں کے بعد دونوں ٹیمیں 3-3 سے برابر تھیں۔ جرمن گول کیپر مینوئل نوئیر کی شاندار بچاؤ نے ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا، تاہم ’سڈن ڈیتھ‘ کے مرحلے پر صورتحال ڈرامائی رخ اختیار کر گئی۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026: گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی اور ایمباپے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ
جرمن اخبار ’بلڈ‘ کے مطابق کپتان جوشوا کیمش نے تجربہ کار مڈفیلڈر لیون گوریٹزکا سے 2 مرتبہ چھٹی پنالٹی لینے کی درخواست کی، لیکن انہوں نے ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ والڈیمار اینٹن، نیتھنئیل براؤن اور مالک تھیاؤ نے بھی اعتماد کی کمی کے باعث پنالٹی لینے سے گریز کیا۔
4 کھلاڑیوں کی ہچکچاہٹ کے بعد دفاعی کھلاڑی جوناتھن تاہ نے ذمہ داری سنبھالی۔ یہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کی پہلی پنالٹی تھی، تاہم وہ دباؤ برداشت نہ کر سکے اور ان کی شاٹ ہدف سے باہر چلی گئی، جس کے بعد پیراگوئے نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
Germany are OUT of the World Cup! Kai Havertz and Nick Woltemade miss crucial penalties as Paraguay produce shock of the tournament to reach last-16 https://t.co/pEGNuvr3WL
— Daily Mail (@DailyMail) June 30, 2026
رپورٹس کے مطابق جرمنی کی جانب سے اس سے قبل کائی ہاورٹز اور نک وولٹیمادے بھی پنالٹی ضائع کر چکے تھے، جس کے باعث ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جرمنی نے ٹورنامنٹ کا آغاز کیوراساؤ کے خلاف 7-1 کی بڑی فتح سے کیا تھا، لیکن بعد ازاں گروپ مرحلے میں آئیوری کوسٹ کے خلاف مشکل کامیابی اور ایکواڈور سے 2-1 کی شکست نے ٹیم کی کمزوریوں کو نمایاں کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026: گروپ مرحلہ مکمل، 32 ٹیموں کی اگلے راؤنڈ میں رسائی
یہ مسلسل تیسرا ورلڈ کپ ہے جس میں جرمنی ناک آؤٹ مرحلے کے ابتدائی مرحلے سے آگے جانے میں ناکام رہا، جبکہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چار کھلاڑیوں کی ہچکچاہٹ نے ٹیم کی ذہنی مضبوطی اور قیادت پر بھی نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔














