پاکستان کو اب معرکہ معیشت جیتنا ہے، احسن اقبال کی امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کی دعوت

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اب معرکہ معیشت جیتنا ہے۔

احسن اقبال نے اپنے دورہ امریکا کے دوران پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم (ایپنا) کے 49ویں سالانہ کنونشن میں شرکت کی اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری برادری سے مختلف ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور معاشی تبدیلی کے سفر میں فعال شراکت دار بنیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو میثاق معیشت و مفاہمت کی دعوت

ایپنا کے 49ویں سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ حکومت نے اڑان پاکستان پروگرام کے تحت انسانی وسائل کی ترقی کو قومی منصوبہ بندی کا مرکزی ستون بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تعلیم، صحت، آبادی کے مؤثر انتظام، جدت اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری سے وابستہ ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین کے ساتھ مضبوط روابط بھی ناگزیر ہیں۔

وفاقی وزیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کو اپنی مہارت وطن کی خدمت کے لیے بروئے کار لانے کی دعوت دیتے ہوئے ایک جدید ٹیلی میڈیسن بیک اپ ماڈل تجویز کیا۔

ان کے مطابق پاکستان کے 60 اضلاع میں سے ہر ضلع کے لیے امریکا میں مقیم 10 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل پینل تشکیل دیا جائے گا، جو دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے جونیئر ڈاکٹروں کو آن لائن طبی رہنمائی اور مشاورت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات بہتر ہوں گی، علم کی منتقلی کو فروغ ملے گا اور عوام کو ماہر ڈاکٹروں تک رسائی حاصل ہوگی۔

احسن اقبال نے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اے آئی پر مبنی طبی نظام، ڈیجیٹل ہیلتھ پلیٹ فارمز اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کریں تاکہ ملک کے صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی، ذیابیطس، تپِ دق، پولیو، تیزی سے بڑھتی آبادی اور بچوں میں غذائی قلت جیسے بڑے انسانی ترقی کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششوں کے ساتھ عالمی مہارت اور جدت سے بھی فائدہ اٹھانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے جبکہ تمام وزرائے اعلیٰ اس کے رکن ہوں گے تاکہ آبادی کے انتظام سے متعلق قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام جاری ہیں، جبکہ جلد ہی ملک گیر ذیابیطس آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ احتیاطی طبی اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔

سوال و جواب کے سیشن میں احسن اقبال نے کہا کہ پرامن سیاسی اظہار ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم سیاسی اختلافات کو ریاستی اداروں یا پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو ریاست سے الگ رکھا جانا چاہیے کیونکہ کوئی بھی جمہوری ملک اپنے خودمختار اداروں کو جماعتی مفادات کی نذر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اختلافِ رائے کا اظہار ذمہ داری کے ساتھ کریں اور قومی خودمختاری اور عالمی ساکھ کا تحفظ یقینی بنائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل میں بار بار تعطل کے باعث پاکستان اپنی ترقی کی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پایا، امن و امان بحال کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا کامیاب آغاز کیا، جس نے طویل المدتی معاشی ترقی کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اتحادی حکومت نے قومی مفاد میں مشکل مگر ضروری فیصلے کیے، جن کی بدولت ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، معیشت کو استحکام ملا اور مہنگائی کی شرح تقریباً 38 فیصد سے کم ہو کر 5 سے 6 فیصد تک آگئی، جس سے پائیدار معاشی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی۔

بعد ازاں اورلینڈو میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران احسن اقبال نے اوورسیز سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور پیشہ ور افراد کو پاکستان کی معاشی بحالی میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہاکہ اڑان پاکستان کے تحت حکومت برآمدات، جدت اور علم پر مبنی معیشت کو فروغ دے رہی ہے، جس کا مقصد مسابقت میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کو تیز کرنا ہے۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے عالمی روابط کو استعمال کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرے، سرمایہ کاری کو فروغ دے، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں کردار ادا کرے اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت کا ساتھ دے۔

احسن اقبال نے معرکۂ حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے قومی اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت اپنی خودمختاری کے تحفظ میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی سفارتی اور تزویراتی پوزیشن مضبوط کی ہے، تاہم اب ملک کو معرکہ معیشت جیتنا ہوگا، جس کے لیے برآمدات میں اضافہ، صنعتی مسابقت، ٹیکنالوجی میں ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، قابلِ تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے شعبوں میں موجود مواقع کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تارکینِ وطن کے پاس وہ مہارت، عالمی روابط اور کاروباری صلاحیت موجود ہے جو پاکستان کو ایک مسابقتی، جدت پر مبنی اور پائیدار معیشت میں تبدیل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ہے تو ہم ہیں، میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے: آصف زرداری

احسن اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت قانون کی حکمرانی، پالیسیوں کے تسلسل، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں اڑان پاکستان کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے اور پاکستان کو خوشحال، مضبوط اور عالمی سطح پر مسابقتی ملک بنانے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp