اسٹاک مارکیٹ میں نوجوان سرمایہ کاروں کی دلچسپی، نئے اکاؤنٹس کھلنے کی شرح میں 50 فیصد اضافہ

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں ترقی اور سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے، جہاں مارکیٹ مسلسل نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ ریگولیٹری اصلاحات، نئی کمپنیوں کے آئی پی اوز (IPOs) کی آمد اور ڈیجیٹلائزیشن کے باعث سرمایہ کاروں، خاص طور پر نوجوانوں کا مارکیٹ پر اعتماد بے حد مضبوط ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالیاتی سال 2026 سرمایہ کاری کے لحاظ سے انتہائی شاندار ثابت ہوا ہے۔ اس دوران مارکیٹ میں 2 لاکھ 5 ہزار نئے انویسٹر اکاؤنٹس کھولے گئے، جو عوام کی شیئرز بازار میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ظاہر کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے معدنی ذخائر عالمی سرمایہ کاری کی توجہ کا مرکز، 6 کھرب ڈالر کے امکانات

ان نئے اکاؤنٹس کے اضافے کے بعد مارکیٹ میں منفرد شناختی نمبرز یعنی یو آئی اینز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار 52 تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں قریباً 50 فیصد کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

جنریشن زی اور ملینئیلز کی قیادت

اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ اس حالیہ معاشی انقلاب کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل نے روایتی بچت کے طریقوں کو چھوڑ کر اسٹاک مارکیٹ کا رخ کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سال کے دوران کھلنے والے کل اکاؤنٹس میں سے قریباً 85 فیصد اکاؤنٹس جنریشن زی اور ملینئیلز نے کھولے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موبائل ایپس کے ذریعے سرمایہ کاری کی سہولت اور آگاہی نے نوجوانوں کو کیپیٹل مارکیٹ کی طرف راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

پنجاب سب سے آگے

سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق صوبائی لحاظ سے نئے سرمایہ کاروں کی شمولیت میں پنجاب 50 فیصد حصے کے ساتھ سب سے آگے رہا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے چھوٹے اور بڑے سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کی اس تیزی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

مارکیٹ کو وسعت دینے کا عزم

اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ محسن مسیڈیا کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سینٹرل ڈپازٹری کمپنی جیسے اداروں کی مشترکہ کوششوں کے باعث مارکیٹ کو مزید جامع، محفوظ اور ترقی پسند بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ مہینوں میں مارکیٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے جہاں متعدد نئی کمپنیوں کو لسٹڈ کر کے اربوں روپے کا سرمایہ اکٹھا کیا گیا، وہیں انویسٹر بیس کو بڑھانے کے لیے اقدامات بھی تیز کر دیے گئے ہیں۔

معاشی ماہر جنید خان کے مطابق پاکستان کیپیٹل مارکیٹ کا یہ سفر اب ایک ایسے موڑ پر پہنچ چکا ہے جہاں یہ صرف چند بڑے سرمایہ کاروں تک محدود نہیں رہی۔

مزید پڑھیں: چینی سرمایہ کاروں کا پاکستانی کیپٹل مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری کا فیصلہ

انہوں نے کہاکہ ایک وسیع اور سب کے لیے قابلِ رسائی مارکیٹ کی طرف یہ پیشرفت آنے والے وقت میں پاکستان میں سرمایہ کاروں کی تعداد کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو ملک میں مجموعی معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp