آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تاریخی لارڈز گراؤنڈ پر کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں میزبان انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا۔
لارڈز میں میں کھیلے گئے فائنل میچ میں انگلینڈ کی جانب سے پہلے کھیلتے ہوئے دیا گیا 151 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے اوپنر بیتھ مونی کی ذمہ دارانہ نصف سنچری اور فوبی لِچ فیلڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت محض 17.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر انتہائی آسانی سے حاصل کر کے ایک بار پھر عالمی کرکٹ پر اپنی حکمرانی ثابت کر دی۔
انگلینڈ کی بیٹنگ اور نیٹ سلیور کی تنہا جدوجہد
اس سے قبل آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ پاور پلے کے اندر ہی اوپنرز ایمی جونز 6 اور ڈینی وائٹ ہاج 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، جس کے باعث میزبان ٹیم 32 رنز پر 2 وکٹیں گنوا کر شدید دباؤ کا شکار ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے میں شکست، آسٹریلیا فائنل میں پہنچ گیا
ایسے میں کپتان نیٹ سلیور برنٹ نے 53 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔ الیس کیپسی نے 23 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن آسٹریلوی باؤلر کم گارتھ نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی اور انگلش بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
آخری اوورز میں فریا کیمپ نے محض 28 گیندوں پر 44 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر انگلینڈ کے اسکور کو 4 وکٹوں پر 150 رنز کے مسابقتی ٹوٹل تک پہنچایا۔
مونی اور لِچ فیلڈ کی سنچری شراکت داری
جواب میں151 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور جارجیا وول 9 رنز بنا کر لارین بیل کا شکار بن گئیں، تاہم اس کے بعد بیتھ مونی اور فوبی لِچ فیلڈ نے انگلش باؤلنگ لائن کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 100 رنز کی شاندار اور تیز رفتار شراکت داری قائم ہوئی۔
بیتھ مونی نے میچ وننگ اننگز کھیلتے ہوئے 49 گیندوں پر 7 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 64 رنز بنائے، جبکہ فوبی لِچ فیلڈ نے صرف 35 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا رخ یکسر بدل دیا۔
اگرچہ چارلی ڈین نے لِچ فیلڈ کو بولڈ کیا اور سوفی ایکلسٹن نے مونی کو ایل بی ڈبلیو کیا، لیکن تب تک انگلینڈ کی میچ پر گرفت بالکل ختم ہو چکی تھی۔
آسٹریلیا کی تاریخی فتح اور عالمی جشن
حتمی لمحات میں ایلیس پیری 13 اور ایشلے گارڈنر نے 3 رنز پر انتہائی پرسکون انداز میں بیٹنگ کی اور گارڈنر نے 18ویں اوور میں وننگ شاٹ کھیل کر لارڈز کے تاریخی میدان پر آسٹریلوی خیمے میں جشن کا سماں پیدا کر دیا۔
مزید پڑھیں:ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کی پہلی کامیابی، آخری گروپ میچ میں نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دیدی
انگلینڈ کی باؤلرز آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے سامنے بے بس نظر آئے۔ لارین بیل نے 12.66 کے بھاری اکانومی ریٹ سے رنز لٹائے جبکہ دیگر باؤلرز بھی دباؤ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
اس یکطرفہ 7 وکٹوں کی شاندار کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے ثابت کر دیا کہ وہ موجودہ دور کی سب سے خطرناک اور ناقابلِ شکست ٹیم ہے۔
انگلینڈ ویمن نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں آسٹریلیا ویمن نے 17.1 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 153 رنز بنا کر میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا اور ساتھ ہی 7 ویں بار عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز بھی سمیٹ لیا۔














