وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ’اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم‘ کی قرعہ اندازی کی تقریب میں شرکت کی اور اسکیم کے تحت کامیاب امیدوار کی قرعہ اندازی خود کی۔
اس موقع پر انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد بھی دی۔
مزید پڑھیں: مریم نواز نے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، 50 ہزار ٹریکٹرز فراہم کرنے کا اعلان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد کو 20 سال کے لیے 4 ایکڑ زرعی زمین دی جا رہی ہے، جبکہ زمین کی کاشت کے لیے 2 لاکھ روپے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
عوامی وزیراعلیٰ کا عوامی انداز! “اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے پہلے مستحق مالک کو وزیراعلیٰ نے خود فون کر کے مبارک باد دی۔ خوشی اور جذبات سے بھرپور یہ لمحہ دیکھنے والوں کے دل جیت گیا۔ pic.twitter.com/1bc9Xtdlfc
— WE News (@WENewsPk) July 6, 2026
انہوں نے کہاکہ ’اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم‘ پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہے اور مختصر عرصے میں اس بڑے منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا گیا ہے۔ پنجاب کے عوام کے لیے ایک اہم منصوبہ مکمل ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ اسکیم کے لیے 30 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ حکومت نے کاشت کے لیے زمین 20 سال کے لیے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ زمین پر اگنے والی فصل اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی مکمل طور پر کسان کی ہوگی، محنت بھی کسان کی ہوگی اور کمائی بھی اسی کی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک تکلیف دہ صورتحال ہوتی ہے کہ محنت کوئی کرے اور اس کا فائدہ کسی اور کو ملے، اسی سوچ کو ختم کرنے کے لیے یہ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسکیم کے تحت 5 ایکڑ قابلِ کاشت زمین بھی فراہم کی گئی ہے اور جہاں جہاں سرکاری قابلِ کاشت زمین موجود ہوگی، اسے غریب اور مستحق افراد کو الاٹ کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہاکہ حکومت زمین کی تیاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے فراہم کررہی ہے تاکہ کسان بہتر انداز میں کاشتکاری شروع کر سکیں۔
انہوں نے کہاکہ ہر شعبے میں خواتین آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کسان کو بااختیار بنانے اور زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جن افراد کو کاشتکاری کا تجربہ نہیں، انہیں مکمل تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ اسکیم کا آغاز، بے زمین کسانوں کو زرعی اراضی دینے کا منصوبہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب ملک کا واحد صوبہ بن گیا ہے جس نے کاشتکاروں میں سرکاری زرعی زمین تقسیم کرنے کا اقدام کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی 100 فیصد میرٹ پر کی گئی ہے۔














