واٹس ایپ نے چینلز کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اسپانسرڈ اور برینڈڈ مواد کو واضح طور پر ظاہر کرنا آسان اور لازمی ہوجائے گا۔
نئی اپ ڈیٹ کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے’پیڈ پارٹنرشپ‘ کے نام سے ایک لیبل متعارف کرایا جارہا ہے، جس کے ذریعے چینل ایڈمن کسی بھی برانڈ ڈیل یا اشتہاری پوسٹ کو باقاعدہ طور پر ظاہر کرسکیں گے۔ اس فیچر کے بعد ایڈمنز کو اسپانسرڈ مواد پر دستی طور پر وضاحت لکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ بزنس میں یکم اگست سے ٹوکن بیسڈ بلنگ کا نفاذ
تفصیلات کے مطابق چینل ایڈمن کسی بھی پوسٹ کو دبائے رکھنے کے بعد کھلنے والے مینو سے ’ایڈ پیڈ پارٹنرشپ‘ کا آپشن منتخب کرسکیں گے، جس کے بعد یہ لیبل اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ویب اور ڈیسک ٹاپ صارفین کو واضح طور پر نظر آئے گا۔
Channel admins can now label paid partnerships on WhatsApp!
WhatsApp is rolling out a paid partnership label for channel admins on Android and iOS.https://t.co/PWq6gTj7GU pic.twitter.com/dssWIW11gd
— WABetaInfo (@WABetaInfo) July 5, 2026
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے ساتھ ایک اہم شرط بھی شامل ہے، جس کے تحت ایک بار کسی پوسٹ پر یہ ٹیگ لگا دیا جائے تو اسے بعد میں ہٹایا نہیں جا سکے گا۔ اگر ایڈمن اس لیبل کو ختم کرنا چاہے تو اسے پوسٹ مکمل طور پر ڈیلیٹ کر کے دوبارہ بغیر ٹیگ کے شائع کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ یوزرنیم: جعلسازی اور اہم شخصیات سے ملتے جلتے نام رکھے جانے کے خدشات بڑھ گئے
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسپانسرڈ مواد میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، جبکہ امریکہ اور یورپی یونین کے قوانین کے تحت تخلیق کاروں پر برانڈڈ مواد ظاہر کرنا لازمی ہے۔ یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے مطابق پلیٹ فارمز کو بھی ایسے ٹولز فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے۔














