پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے 20 جولائی سے معمول کی قونصلر خدمات دوبارہ شروع کردیں گے۔
یہ فیصلہ کئی ماہ قبل سیکیورٹی خدشات کے باعث خدمات کی معطلی کے بعد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم، امریکی چارج ڈی افیئرز نیٹالی بیکر کا اہم ویڈیو پیغام جاری
امریکی سفارت خانے نے بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہاکہ 20 جولائی سے لاہور اور کراچی کے امریکی قونصل خانے معمول کے مطابق امریکی شہریوں کو قونصلر خدمات اور نان امیگرنٹ (غیر تارکین وطن) ویزوں کی درخواستوں پر کارروائی دوبارہ شروع کریں گے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں ایک امریکی اہلکار نے ویزا درخواست گزاروں کو خبردار کیاکہ وہ ویزا انٹرویو کی اپائنٹمنٹ یا درخواست جمع کرانے کے لیے کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ فرد کو رقم ادا نہ کریں۔
Great news, Pakistan! The U.S. Consulates in Lahore and Karachi are reopening for regular consular services. Lahore for U.S. Citizen Services and Karachi for U.S. Citizen Services + Non-Immigrant Visa Processing. Whether you are applying for a visa or need American citizen… pic.twitter.com/c93D7CoaeP
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) July 8, 2026
انہوں نے کہاکہ تمام درخواست گزار اپنی درخواستیں اور اپائنٹمنٹ صرف امریکی سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کریں۔
واضح رہے کہ مارچ میں سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں کی معمول کی قونصلر خدمات معطل کر دی گئی تھیں۔
5 مارچ کو امریکا نے لاہور اور کراچی میں اپنے قونصل خانوں میں تعینات غیر ہنگامی (نان ایمرجنسی) عملے کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس وقت ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے باعث لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں سے غیر ہنگامی سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی ملازمتی ویزوں میں بھارتی فراڈ پکڑا گیا، درخواستیں اور ڈگریاں جعلی نکلیں
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے پشاور میں امریکی قونصل جنرل کے دفتر کو مرحلہ وار بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جبکہ خیبرپختونخوا میں سفارتی امور کی ذمہ داری امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کو منتقل کردی گئی تھی۔














