صوبائی دارالحکومت کے علاقے اچھرہ میں ایک نجی ٹیوشن سینٹر کے واش روم سے 10 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق چھٹی کلاس کی طالبہ ’نعیمہ‘ روزمرہ کی طرح اپنے گھر سے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی جہاں واش روم سے اس کی لاش پائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں 100 سے زائد بچوں سے بدفعلی کرنے والے ملزمان کیسے گرفتار ہوئے؟
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی اور اے ایس پی گلبرگ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
ورثا کا مؤقف اور اسپتال منتقلی
مقتولہ بچی کے تایا عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’نعیمہ اپنی بہن کے ہمراہ گھر سے ٹیوشن پڑھنے گئی تھی۔ ہمیں ساڑھے 4 بجے ٹیوشن سینٹر سے اطلاع ملی کہ نعیمہ بے ہوش ہو گئی ہے۔‘
ورثا کے مطابق بچی کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس کی کارروائی اور تحقیقات کا آغاز
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ پولیس نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال کے زنانہ انتظار گاہ سے معذور بچی کی لاش برآمد
انہوں نے مزید بتایا کہ ’واقعے کی سائنسی اور روایتی خطوط پر تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ اور واقعے کے حقیقی محرکات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تفتیش کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔‘













