پیمرا کا جیو نیوز سے متعلق کیس میں حتمی فیصلہ جاری، آئندہ خلاف ورزی پر سخت وارننگ

ہفتہ 11 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام ’سفر عشق‘ کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کردیا۔

پیمرا کے مطابق اتھارٹی نے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ اپنے 11 جولائی کو منعقد ہونے والے 191ویں اجلاس میں لیا۔

مزید پڑھیں: پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے جیو نیوز سے متعلق معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا

اجلاس کے دوران کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کا مکمل ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کا تحریری اور زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا۔

فیصلے کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس معاملے پر 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔

لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات پیمرا اتھارٹی کو پیش کیں۔

پیمرا نے اپنے فیصلے میں کہاکہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا، تاہم اتھارٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے، جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔

اتھارٹی نے قرار دیا کہ جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہارِ ندامت کرنے اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو تخفیفی عوامل کے طور پر مدنظر رکھا گیا، تاہم یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔

فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ معطلی آج رات 12 بجے تک مؤثر رہے گی۔

پیمرا نے واضح کیاکہ جیو نیوز کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔

اتھارٹی نے جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز میڈیا سروس کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔

پیمرا نے جیو نیوز کو خبردار کیاکہ اگر آئندہ اس نوعیت کی غفلت دوبارہ سامنے آئی تو قانون کے مطابق اس کا لائسنس منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اتھارٹی نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی کہ وہ غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں، ان کی تفصیلات پیمرا کو فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ کو یقینی بنائیں۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: جیو کی دستاویزی فلم پر تنازع، پیمرا کی بروقت کارروائی درست اقدام، میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت

پیمرا نے اپنے فیصلے میں خبردار کیاکہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp