پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے جیو نیوز کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجواتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی طلب کر لی ہے۔
پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کا اجلاس 30 جون کو لاہور میں منعقد ہوا، جس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا اتھارٹی کو سفارشات ارسال کرنے سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل سے اس معاملے پر باضابطہ رائے لی جائے۔ کونسل نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا جیو نیوز کے لائسنس کی معطلی، ادارے کی جانب سے پیش کی گئی عوامی معذرت اور اب تک کیے گئے اصلاحی اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیے پیمرا نے جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کر دیا
اجلاس کے دوران جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے اور ادارے کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کرتے ہوئے نشریاتی لائسنس کی معطلی ختم کرنے کی درخواست کی۔
پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے کہا کہ مذہبی جذبات سے متعلق اس حساس معاملے اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کے تناظر میں اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔ آرٹیکل 19 کے مطابق شہریوں اور پریس کو آزادیِ اظہار حاصل ہے، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ایسی معقول پابندیوں کی تابع ہے جو اسلام کی عظمت سمیت دیگر آئینی تقاضوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہوں۔
یہ بھی پڑھیے جیو کی دستاویزی فلم پر تنازع، پیمرا کی بروقت کارروائی درست اقدام، میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت
کونسل نے اسلامی نظریاتی کونسل سے استفسار کیا ہے کہ آیا جیو نیوز کے خلاف اب تک کیے گئے اقدامات، جن میں نشریات کی معطلی، عوامی معذرت اور دیگر اصلاحی اقدامات شامل ہیں، مجموعی طور پر مناسب اور کافی ردعمل تصور کیے جا سکتے ہیں یا مزید کارروائی درکار ہے۔ اگر مزید اقدام ضروری ہو تو اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں اس کی نوعیت اور دائرہ کار کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رائے ایک ہفتے کے اندر، یعنی 8 جولائی 2026 تک، پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کو ارسال کرے۔














