جیو کی دستاویزی فلم پر تنازع، پیمرا کی بروقت کارروائی درست اقدام، میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت

اتوار 28 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جہاں مقدس شخصیات، اہلِ بیت، صحابہ کرامؓ اور تمام مذہبی شعائر کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، خصوصاً محرم الحرام کے دوران میڈیا کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے مطابق جیو نیوز کی خصوصی محرم ٹرانسمیشن میں مذہبی شخصیات کی بصری منظرکشی کی ناقابلِ قبول پیشکش کی گئی، جسے مذہبی جذبات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امنِ عامہ کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔

اس معاملے پر انتہائی درجے کی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا اور ریاستی اداروں نے قانون کے مطابق فوری کارروائی کی، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ حساس اور نازک معاملات کا فیصلہ آئین، قانون اور ریاستی اداروں کے ذریعے ہوتا ہے، نہ کہ جذبات یا ہجوم کے دباؤ پر ایسا کیا جاتا ہے۔

جیو نیوز کی معذرت مثبت قدم قرار

جیو نیوز کا اپنی غلطی کا اعتراف اور چینل انتظامیہ کی جانب سے معذرت اور ذمہ داری کا اظہار بھی ایک مثبت قدم ہے۔

اب ضروری ہے کہ معاملہ قانونی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھے، قانون اپنا راستہ اختیار کرے اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔

اسلام بھی ہمیں عدل، صبر، حکمت اور قانون کی پاسداری کے ساتھ قومی وحدت اور امن کو مقدم رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ ذمہ دار اور زندہ اقوام کا یہی وطیرہ ہے۔

ریاستی تدبر سے معاملہ قابو میں رہا

جیو کی دستاویزی فلم پر کارروائی سخت ضرور ہے، مگر ریاست کے تدبر اور فہم و فراست سے ملک کسی بڑی آزمائش سے بچ گیا۔

اگر بروقت قدم نہ اٹھایا جاتا تو معاملہ قابو سے باہر ہو سکتا تھا۔ جیو کی فوری معذرت اور تعاون سے تنازع مزید بڑھنے سے رک گیا۔

اب انتظامی کارروائی ہو رہی ہے، جسے بعد میں ختم بھی کیا جا سکتا ہے۔ امید ہے وقت کے ساتھ حالات اور معاملات میں بہتری آئے گی اور میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز اسی ذمہ داری اور قانون کی پاسداری کا مظاہرہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp