پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کے لیے حکومت متحرک

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی تخلیق کاروں کی عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پرمنصفانہ نمائندگی یقینی بنانے کے لیے نیٹ فلکس سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے مذاکرات کررہی ہے۔

احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں معیار کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں، جنہیں دنیا بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے اور ان کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیٹ فلکس اور وارنر برادرز کا معاہدہ کھٹائی میں، صدر ٹرمپ درمیان میں کودپڑے

’حکومت نیٹ فلکس سمیت دیگر اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تاکہ پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے ان پلیٹ فارمز پر منصفانہ نمائندگی یقینی بنائی جا سکے اور پائیدار شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ’اڑان پاکستان‘ برآمدی وژن کے تحت تخلیقی اور ثقافتی صنعت قومی برآمدی حکمت عملی کا ایک اہم ستون ہے، جسے مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق نیٹ فلکس، ایمازون پرائم اور دیگر بڑے اوور دی ٹاپ پلیٹ فارمز عالمی ناظرین تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم علاقائی سیاسی عوامل کے باعث پاکستانی مواد کو طویل عرصے سے وہ مقام نہیں مل سکا جس کا وہ حق دار تھا۔

 

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اس صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اسی مقصد کے تحت نیٹ فلکس سمیت دیگر عالمی اسٹریمنگ کمپنیوں سے علاقائی فریم ورک میں مناسب تبدیلیوں کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

مزید پڑھیں: نیٹ فلکس کی سبسکرپشن ختم کرنے کی مہم کیوں چل رہی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد صرف عالمی پلیٹ فارمز پر جگہ حاصل کرنا نہیں بلکہ مستقبل میں پاکستان کا اپنا ایک آزاد او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی قائم کرنا ہے، جو پاکستانی کہانیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرا سکے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp