نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار کیرولین روڈریگز برکٹ نے ملاقات کی ہے، جس میں اقوام متحدہ کے کردار، عالمی چیلنجز اور بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون اور اقوام متحدہ کے منشور میں درج مقاصد و اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے۔
H.E. Ms. Carolyn Rodrigues Birkett @CarolynRB1, Candidate for the position of United Nations Secretary-General, called on the Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 today.
Reaffirming Pakistan’s longstanding commitment to multilateralism… pic.twitter.com/cN7OtwSwMM
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 13, 2026
انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی اور مؤثر کردار کی ہمیشہ حمایت کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات کے حل، بین الاقوامی قانون کے نفاذ اور مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کلیدی ادارے کے طور پر دیکھتا ہے۔
کشمیر اور فلسطین پر قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ
اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر دیانتداری سے عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے، خصوصاً جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع اور فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور
نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بدلتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقوام متحدہ کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ضروری اصلاحات کی جائیں۔














