پاکستان علما کونسل اور عالمی تنظیمِ تعظیمِ حرمین شریفین کونسل نے سعودی عرب پر حوثی گروپ کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول جارحیت قرار دیا ہے، جو خطے کے امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت، وزیراعظم شہباز شریف کا ریاض کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور عالمی تنظیمِ تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکریٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں تنظیموں نے سعودی مسلح افواج کی جانب سے میزائل کو کامیابی سے فضا میں تباہ کرنے اور حملہ ناکام بنانے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائی مملکت سعودی عرب کی مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ استعداد کا واضح ثبوت ہے۔
دونوں تنظیموں نے حوثی گروپ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سعودی عرب، سرزمینِ حرمین شریفین کے خلاف تمام جارحانہ کارروائیاں بند کرے اور ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے جو سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور تقدس یا حرمین شریفین کے امن و تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتا ہو۔
مزید پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان سعودی عرب اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کاخیر مقدم
پاکستان علما کونسل اور عالمی تنظیمِ تعظیمِ حرمین شریفین کونسل نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مملکت کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت جاری رکھیں گے۔













