پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی فتح میاں خیل نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور شہدا کی قربانیوں کی توہین قرار دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں فتح میاں خیل نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کے خاندان کے نوجوان واقعی ملک کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں تو وہ ان کے بچوں کو پاک فوج میں بھرتی کرانے، وردی، تنخواہ اور دیگر مراعات دلوانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات قومی اداروں اور شہدا کی قربانیوں کو متنازع بنانے کی کوشش ہیں، جو قومی مفادات کے خلاف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و استحکام پاک فوج اور شہدا کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے، اور ان قربانیوں پر تنقید پوری قوم کے جذبات کو مجروح کرتی ہے۔
رکنِ قومی اسمبلی فتح میاں خیل کی مولانا فضل الرحمان کے بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے سخت مذمت۔
اگر مولانا کے خاندان کے نوجوان واقعی قومی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں تو وہ ان کے کئی بچوں کو وردی، تنخواہ اور تمام مراعات دلوانے کے لیے تیار ہیں۔@juipakofficial @KulAalam pic.twitter.com/CeVcZXI5Hx— Media Talk (@mediatalk922) July 15, 2026
فتح میاں خیل نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو سیاسی اختلافات ہیں تو وہ انہیں سیاسی انداز میں اٹھائیں، تاہم شہدا اور قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر شہدا کے لواحقین اور قوم سے معافی مانگیں۔
مزید پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کا فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں سے متعلق بیان، تنازع کیوں کھڑا ہوا؟
پیپلزپارٹی رہنما نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی کی طرح ایک بار پھر بیرونی ایجنڈے کے تحت ملک میں انتشار اور بداعتمادی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماضی میں شہدا کے لیے مختص اراضی کی تقسیم میں بھی بے ضابطگیاں ہوئیں، جن کی وضاحت مولانا فضل الرحمان کو کرنی چاہیے۔














