ٹروتھ سوشل کا نیا فیچر: بینکوں اور ٹریڈنگ کمپنیوں کو ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس پہلے ملیں گی

جمعہ 17 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت والی سوشل میڈیا کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) نے ایک نئی بامعاوضہ سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بینکوں، سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ کمپنیوں کو ٹروتھ سوشل پر موجود اہم اکاؤنٹس، خصوصاً ڈونلڈ ٹرمپ کی پوسٹس تک عام صارفین سے پہلے اور تیز ترین رسائی حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے ’ٹروتھ سوشل‘ کی پیرنٹ کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کو بڑا مالیاتی خسارہ، وجہ کیا بنی؟

بلومبرگ کے مطابق ٹی ایم ٹی جی نے اعلان کیا ہے کہ ’ٹروتھ اے پی آئی‘ نامی یہ سروس صارفین کو ٹروتھ سوشل کے 10 بااثر اکاؤنٹس کی پوسٹس عام نوٹیفکیشن کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے فراہم کرے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سروس کو خاص طور پر ان اداروں کے لیے تیار کیا گیا ہے جن کے لیے معلومات میں معمولی تاخیر بھی مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے جیسے الگورتھمک ٹریڈنگ کمپنیاں، بینک اور سرمایہ کاری کے ادارے۔

ٹی ایم ٹی جی کے مطابق اب تک ایسی کمپنیاں ٹروتھ سوشل پر آنے والی اہم پوسٹس کو دستی طور پر مانیٹر کرتی تھیں، تاہم ٹروتھ اے پی آئی اس خلا کو پر کرے گی۔

یہ سروس کمپنی کی جانب سے ڈیٹا لائسنسنگ کے شعبے میں پہلا بڑا قدم ہے جس سے کمپنی کو آمدنی کا ایک نیا ذریعہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ کمپنی کو بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مقابلے میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

ٹی ایم ٹی جی کے عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر کیون میک گرن نے کہا کہ مالیاتی منڈیاں پہلے ہی ٹروتھ سوشل پر ہونے والی پوسٹس سے متاثر ہوتی ہیں اور جیسے جیسے اس سروس کا استعمال بڑھے گا ٹروتھ اے پی آئی کمپنی کے لیے مستقل آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

ٹرمپ کی پوسٹس ماضی میں بھی مارکیٹ پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں

ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں ٹروتھ سوشل کے ذریعے کئی ایسے اعلانات کر چکے ہیں جنہوں نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو متاثر کیا جن میں ’لبریشن ڈے‘ ٹیرف اور چین سے متعلق تجارتی پابندیوں کے اعلانات شامل ہیں۔

مزید پڑھیے: کیا ٹرمپ کا نیا سکہ واقعی سونے کا بنا ہے؟

9 اپریل 2025 کو وال اسٹریٹ کے اہم اسٹاک انڈیکسز میں اس وقت نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی جب ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے نئے ٹیرف کا نفاذ 90 روز کے لیے مؤخر کر رہے ہیں۔

سرمایہ کاری فرم اسٹین فِل کیپیٹل پارٹنرز کے پورٹ فولیو مینیجر مارک اسپیگل نے کہا کہ ان کے علم کے مطابق ٹروتھ سوشل پر صرف ڈونلڈ ٹرمپ ہی ایسی شخصیت ہیں جن کی پوسٹس واقعی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالتی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس نئی سروس سے زیادہ وسائل رکھنے والے سرمایہ کاروں کو دوسروں پر برتری ملے گی تو انہوں نے کہا کہ مالیاتی منڈیوں میں اس نوعیت کے تفاوت پہلے بھی موجود رہے ہیں اور یہ ان میں ایک اور اضافہ ہوگا۔

مفادات کے ٹکراؤ پر بھی سوالات

سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈونلڈ جے ٹرمپ ریووکیبل ٹرسٹ کے پاس ٹی ایم ٹی جی کے تقریباً 11 کروڑ 47 لاکھ 50 ہزار شیئرز موجود ہیں، جو کمپنی کے کل حصص کا تقریباً 41 فیصد بنتے ہیں۔ اس ٹرسٹ کے ذریعے ٹرمپ کی سرمایہ کاری کا انتظام ان کے بچوں کے سپرد ہے۔

نیویارک کی قانونی فرم ڈائنامِس کے شراکت دار رابرٹ فرنچ مین نے کہا کہ اگرچہ عوامی کمپنیوں کو معلومات کے اجرا میں احتیاط برتنی چاہیے تاہم قانون انہیں یہ اجازت دیتا ہے کہ وہ مختلف صارفین کو مختلف رفتار سے معلومات فراہم کریں، چاہے اس سے بعض سرمایہ کاروں کو دوسروں پر برتری حاصل ہو جائے۔

دوسری جانب امریکی سینیٹ کی مالیاتی کمیٹی کے سینئر ڈیموکریٹ رکن رون وائیڈن نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹرمپ خاندان کو مالی فائدہ ہوگا اور وال اسٹریٹ کے سرمایہ کار مزید منافع کمائیں گے۔

24 گھنٹے سروس اور پرانا ریکارڈ بھی دستیاب ہوگا

کمپنی کے مطابق ٹروتھ اے پی آئی چوبیس گھنٹے بااثر اکاؤنٹس کی نگرانی کرے گی اور 2022 سے اب تک کی پوسٹس کا مکمل ریکارڈ بھی فراہم کرے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یکم اگست کو باضابطہ آغاز سے پہلے ہی متعدد صارفین اس سروس کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ موبائل کب ریلیز ہوگا، خصوصیات کیا ہیں؟

ٹی ایم ٹی جی کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے بعض کمپنیاں ٹروتھ سوشل کا ڈیٹا کمپنی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خودکار طریقے سے حاصل کر رہی تھیں۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ ایسے طریقوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور صارفین کو باضابطہ طور پر کمپنی کی سروس استعمال کرنا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، بی وائی ڈی کی نیو انرجی گاڑیوں کی سب سے بڑی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی

پاکستان نے جی ایس پی پلس وعدوں پر عملدرآمد اور سماجی تحفظ میں تاریخی پیشرفت کی، یورپی یونین

 نیٹ فلکس کے شیئرز میں 9 فیصد سے زیادہ کمی، سرمایہ کاروں کو تشویش لاحق

دہشتگردی اور لاقانونیت کا راستہ اختیار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، انتخابی قافلے پر حملے کے بعد تنویر الیاس کا بیان

’ملٹی ٹاسکنگ‘: دیپیکا پڈوکون امید سے ہونے کے باوجود شوٹنگ میں مصروف، ڈیڑھ سالہ بیٹی کی بھی دیکھ بھال

ویڈیو

کرکٹ کا سنہری باب بند، پاکستان کیخلاف 365 رنز بنانے والے عظیم آل راؤنڈر سر گیری سوبرز انتقال کر گئے

سہیل آفریدی کی پولیس، غنڈہ راج عروج پر، کابینہ میں ردوبدل حقیقت یا پروپیگنڈا؟ عوام پر پیٹرول بم گرنے کو تیار

چین سے 3گنا زیادہ قیمت پر گیس کی خریداری، اسلام آباد بمقابلہ پنجاب، گندم اور آٹا عوام کی پہنچ سے باہر، مہنگائی ایران جنگ پر نہ ڈالیں

کالم / تجزیہ

کیا موساد نےسابق ایرانی صدر کو آلہ کار بنا لیا تھا؟

ہمارا جھوٹ اور ان کا جھوٹ

دھڑکتے دل کا فون