پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کا وینیو تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب تینوں ٹی 20 میچز ہمبن ٹوٹا کے بجائے دمبولا میں کھیلے جائیں گے تاہم دورے کے شیڈول اور تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا نے تاریخ رقم کر دی، ویمنز دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی جانب سے جاری کردہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز اب 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو دمبولا میں ہوں گے۔
اس سے قبل منصوبے کے مطابق ایک روزہ اور ٹی 20 دونوں سیریز کے تمام میچز ہمبن ٹوٹا میں کھیلے جانے تھے تاہم اب صرف ٹی 20 سیریز کا مقام تبدیل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2025-29 کا حصہ بننے والی 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق 23، 25 اور 28 جولائی کو ہمبن ٹوٹا میں ہی منعقد ہوگی۔
مزید پڑھیے: فاطمہ ثنا نے ڈراپ کھلاڑیوں کی واپسی کارکردگی اور فٹنس سے مشروط قرار دے دی
پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ قومی ٹیم نے اب تک 6 میچوں میں 4 فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے تاہم اس نے پاکستان کے مقابلے میں 3 میچ زیادہ کھیلے ہیں۔
ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 مقابلوں کا آغاز دمبولا میں ہوگا۔
پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیمیں اس وقت برطانیہ میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 21 ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان کو معمولی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم نے 11 جبکہ سری لنکا نے 9 میچ جیتے جبکہ ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا۔
مزید پڑھیں: فاطمہ ثنا کا ایک اور سنگ میل: صرف 15 گیندوں پر نصف سینچری بناکر ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
ویمنز ایک روزہ کرکٹ میں البتہ سری لنکا کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 34 ون ڈے میچوں میں سری لنکا نے 22 جبکہ پاکستان نے 11 کامیابیاں حاصل کیں جبکہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
ایک روزہ سیریز
ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 23 جولائی، دوسرا 25 جولائی اور تیسرا میچ 28 جولائی۔
ٹی 20 سیریز
31 جولائی کو پہلا ٹی 20،2 اگست کو جبکہ4 اگست کو تیسرا ٹی 20 میچ ہوگا۔














