پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے واضح کیا ہے کہ قومی اسکواڈ سے باہر ہونے والی سینیئر آل راؤنڈر عالیہ ریاض اور ارم جاوید سمیت 8 کھلاڑیوں کے لیے ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے۔ تاہم قومی ٹیم میں واپسی کے لیے انہیں عمدہ کارکردگی کے ساتھ اپنی فٹنس بھی ثابت کرنا ہوگی۔
دورۂ سری لنکا سے قبل نیشنل بینک اسٹیڈیم میں مختصر تربیتی کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ انگلینڈ میں کھیلے گئے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، لیکن اب ٹیم کی توجہ ماضی کی ناکامیوں پر افسوس کرنے کے بجائے ان سے سبق سیکھنے پر مرکوز ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی تحلیل، 7 رکنی نئی کمیٹی بنا دی گئی
انہوں نے کہاکہ سری لنکا ایک مضبوط حریف ہے، تاہم قومی ٹیم ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے پُرامید ہے۔ ان کے مطابق سری لنکا کے موسمی حالات پاکستان سے کافی حد تک مشابہت رکھتے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو مقامی کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرنے میں زیادہ دشواری پیش نہیں آئے گی۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فیلڈنگ، بیٹنگ، بولنگ اور مجموعی فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ٹیم مینٹور اور ہیڈ کوچ وہاب ریاض کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بھرپور مشقیں کیں۔
فاطمہ ثنا نے دی ہنڈرڈ لیگ میں اپنی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی لیگ میں کھیلنے سے حاصل ہونے والا تجربہ پاکستان ویمن ٹیم کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید پاکستانی ویمن کرکٹرز کو بھی ایسی بڑی لیگز میں شرکت کے مواقع ملیں۔
سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان کے دونوں اسکواڈز 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ فاطمہ ثنا ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ ٹی20 سیریز میں منیبہ علی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد فاطمہ ثنا انگلینڈ روانہ ہوں گی، جہاں وہ دی ہنڈرڈ لیگ میں حصہ لیں گی۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے سابقہ اسکواڈ میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست نے ابھی تک ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی، جبکہ ماہم انیس اور سائرہ جبین ون ڈے ڈیبیو کی منتظر ہیں۔
پاکستان ویمن ون ڈے اسکواڈ:
فاطمہ ثنا کپتان، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
پاکستان ویمن ٹی20 اسکواڈ:
منیبہ علی کپتان، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ دورہ 23 جولائی سے شروع ہوکر 4 اگست تک جاری رہے گا۔
ون ڈے سیریز کے تمام میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے، جو ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
سیریز کا پہلا ون ڈے 23 جولائی، دوسرا 25 جولائی اور تیسرا ون ڈے 28 جولائی کو سوریاویوا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بلے باز جویریہ رؤف نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
ٹی20 سیریز کا آغاز 31 جولائی سے ہوگا، دوسرا میچ 2 اگست جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔
دورۂ سری لنکا کی تیاریوں کے لیے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں جاری قومی ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ اتوار کو اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے وہاب ریاض کی زیر نگرانی جسمانی ورزشوں کے ساتھ فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پیر کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگی۔













