جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْن
محترم امیر العظیم قیم جماعتِ اسلامی پاکستان کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور دل خراش ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، تحریکِ اسلامی اور دعوتِ حق کی جدوجہد میں بسر کی۔ انہوں نے اپنی زندگی، اپنی صلاحیتیں اور اپنا وقت اللہ… pic.twitter.com/uZMCL1t4YF
— Siraj ul Haq (@SirajOfficial) July 22, 2026
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم کی نماز جنازہ جمعرات کو جامع مسجد منصورہ میں سوا پانچ بجے ادا کی جائے گی۔
امیر العظیم 1958 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور زمانۂ طالب علمی میں طلبہ سیاست میں بھرپور کردار ادا کیا۔
وہ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے منتخب صدر رہے جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے فرائض بھی انجام دیے۔
طلبہ یونین کی بحالی کی تحریک کے دوران انہوں نے جنرل ضیاالحق کے دور میں لانگ مارچ میں حصہ لیا، جس کے باعث انہیں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔
امیر العظیم نے جماعت اسلامی میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں اور طویل عرصے تک مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے طور پر خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں 2019 میں سراج الحق اور 2024 میں حافظ نعیم الرحمان نے مرکزی مجلس شوریٰ کی مشاورت سے انہیں جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر کیا۔














