چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے باقاعدہ انتخابی عمل کل سے شروع ہوگا، جبکہ انتخابات کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیف سیکریٹری خوشحال خان خٹک نے سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا شکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور میرپور ڈویژن میں پہلے مرحلے انتخابات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: میرپور ڈویژن میں انتخابات کل، 13 حلقوں میں 287 امیدوار مدمقابل، سخت سیکیورٹی انتظامات
چیف سیکریٹری نے کہاکہ پولنگ کے لیے درکار تمام انتخابی سامان متعلقہ ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے تاکہ پولنگ کے روز کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہاکہ انتخابی تیاریوں میں ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
چیف سیکریٹری اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پرجوش ہیں اور جمہوری عمل میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ آزاد کشمیر میں اس وقت انتخابی سرگرمیوں کے باعث میلے کا سماں ہے اور ہر طرف انتخابی مہم جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ ووٹر ٹرن آؤٹ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 17 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، تاکہ عوام پرامن طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
ووٹ عوام کا سب سے بڑا ہتھیار ہے، انتخابی عمل کے تمام انتظامات مکمل ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن
اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجا شکیل خان نے کہاکہ عوام کا سب سے بڑا ہتھیار ووٹ کی طاقت ہے اور شہری بھرپور طریقے سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات کے لیے پولنگ میٹریل متعلقہ مقامات تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ انتخابی عملے کی تربیت بھی بروقت مکمل کی گئی تاکہ پولنگ کا عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی میرپور ڈویژن کے عوام سے انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل
راجا شکیل خان نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، جو تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ضابطہ اخلاق کا خیرمقدم کیا اور اس پر عملدرآمد کے لیے مثبت رویہ اختیار کیا، جو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں معاون ثابت ہوگا۔













