پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ایک بار پھر سماجی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں غزہ کے متاثرین کی امداد کے لیے منعقدہ فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے غزہ کی بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لیے برطانیہ میں فنڈ ریزنگ کریں گی
یہ تقریب وسطی لندن کے لندن میریٹ ہوٹل گروسوینر اسکوائر میں منعقد ہوئی، جس میں برطانوی پاکستانی برادری، مخیر حضرات اور فلسطینی عوام کے حامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام ہارون رشید نے غیر سرکاری تنظیم فورگاٹن ویمن کے تعاون سے کیا، جس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈ جمع کرنا تھا۔
View this post on Instagram
تقریب میں ماہرہ خان کی شرکت توجہ کا مرکز بنی۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں وہ شرکا سے ملاقات، مداحوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور امدادی مہم کی حمایت کرتی نظر آئیں۔
رپورٹس کے مطابق اس خیراتی تقریب کے دوران تقریباً ایک لاکھ چار ہزار برطانوی پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو غزہ میں جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ اور سیلینا گومز کی غزہ کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت
یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب چند ہفتے قبل ماہرہ خان نے برٹش ایشین ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں بھی پاکستان کی سفیر کے طور پر شرکت کی تھی، جہاں ان کی ملاقات برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم سے بھی ہوئی تھی۔
View this post on Instagram
مداحوں نے ماہرہ خان کی نہ صرف خوبصورت انداز میں شرکت کو سراہا بلکہ سماجی اور انسانی فلاح کے کاموں میں ان کی مسلسل دلچسپی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ بااثر شخصیات کی ایسی سرگرمیاں نہ صرف امدادی مہمات کو تقویت دیتی ہیں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے آگے آنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں فلسطین کے لیے اب تک کا سب سے بڑا فنڈ ریزنگ ایونٹ
غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں اس نوعیت کی تقریبات عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور متاثرہ افراد کے لیے وسائل فراہم کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ سمجھی جارہی ہیں۔












