اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس ابتدائی چند منٹوں میں تقریباً 700 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔
صبح 9 بج کر 33 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 691.42 پوائنٹس یعنی 0.39 فیصد اضافے کے بعد 178,953.75 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں خریداری کا رجحان آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری شعبے میں نمایاں رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
اٹک ریفائنری، مسلم کمرشل بینک، میزان بینک، نیشنل بینک، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز اور ماری انرجیز جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
ادھر، پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے اشاروں کے باوجود اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے پیر کو پالیسی شرح سود 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مرکزی بینک نے اس فیصلے کی وجہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ کشیدگی کے باعث بیرونی خطرات میں اضافے کو قرار دیا۔

پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی دیکھی گئی تھی، جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیوں کی معطلی کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور مشرق وسطیٰ میں سفارتی حل اور اہم بحری تجارتی راستوں کی بحالی کی امیدیں پیدا ہوئیں۔
اس روز کے ایس ای 100 انڈیکس 7,241.13 پوائنٹس یعنی 4.23 فیصد اضافے کے ساتھ 178,262.34 پوائنٹس پر بند ہوا، جو حالیہ عرصے کی نمایاں ترین یومیہ ریلیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں منگل کو دباؤ کا رجحان دیکھا گیا۔ ایشیائی اسٹاک مارکیٹیں بالخصوص چپ ساز کمپنیوں کے حصص میں فروخت کے باعث گر گئیں، کیونکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی ضروریات پر سرمایہ کاروں کے خدشات بڑھ گئے۔
مزید پڑھیں: لائیو اسٹاک اور زراعت پر توجہ دے کر ایک سال میں معیشت بہتر کی جا سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 8 فیصد سے زائد گر کر 3 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا، جس پر سرکٹ بریکر بھی فعال کرنا پڑا، جبکہ جاپان کا نکی انڈیکس 4 فیصد نیچے آ گیا۔
امریکی کمپنی اینویڈیا کے حصص میں بھی 5 فیصد کمی دیکھی گئی۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق کمپنی اوپن اے آئی کے ایک بڑے ڈیٹا سینٹر منصوبے کے لیے تقریباً 250 ارب ڈالر کی مالی ضمانت فراہم کرنے پر بات چیت کر رہی ہے۔
ادھر چین کی سیمی کنڈکٹر کمپنی کے حصص میں لسٹنگ کے پہلے روز 466 فیصد اضافے کے بعد منگل کو ابتدائی کاروبار میں 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔














