’بھارتی کرکٹ ٹیم پر مستقل پابندی لگائی جائے’، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار پر سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی سیاست ایک بار پھر کرکٹ کے میدان تک جا پہنچی، ایشیا کپ کی ٹرافی کی تقریب میں بھارتی ویمنز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کی، بھارتی ٹیم کے اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے اور سوال اٹھا دیا کہ کھیل کو آخر کب تک سیاست کی نذر کیا جاتا رہے گا؟

صارفین کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے میدان کو سیاسی اختلافات سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کھیل کو سیاست کا اکھاڑا نہیں بنانا چاہیے۔

علی اصغر بھٹی نے لکھا کہ ساکھ اس وقت داؤ پر لگ جاتی ہے جب بڑے ملک سیاسی اور تجارتی طاقت کے بل بوتے پر ضوابط کو پامال کرتے ہیں۔  ​کرکٹ بورڈز کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کھیل کی ساکھ بچانا چاہتے ہیں یا طاقتوروں کا دباؤ قبول کرنا چاہتے ہیں؟

صدیق ساجد لکھتے ہیں کہ اس غیر پیشہ وارانہ اور کھیلوں کی روح کے خلاف رویے پر بھارتی کرکٹ ٹیم پر مستقل پابندی لگائی جائے، انہوں نے کہا ذرا سوچیں اگر یہ کام پاکستانی کرکٹ ٹیم کرتی تو آئی سی سی اب تک ایکشن لے چکی ہوتی لیکن یہاں دوہرا معیار ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنے کا درس دینے والے بھارت کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر سامنے آگیا۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے باوجود ACC چیف محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔یہ محض ٹرافی کا معاملہ نہیں، کھیل کے وقار، رواداری اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا سوال ہے۔ کھیل کے میدان میں بھی سیاست اور تعصب کی یہ روش قابلِ افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو کھیل کی روح، احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ لیا ہے لیکن اگر کوئی فریق بار بار سیاسی نفرت کو کھیلوں تک لے آئے تو یہ اس کے اپنے رویے کو بے نقاب کرتا ہے۔

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ بھارت کی گندی سیاست ایک بار پھر سامنے آگئی۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے ماضی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا، یوں محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کو ’2-0‘ سے شکست دے دی۔

سید فیضان نے سوال اٹھایا کہ بھارتی ہر بار یہ ڈرامہ کیوں کرتے ہیں؟

یاد رہے کہ بھارتی مردوں کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے بھی ماضی میں ایسا ہی رویہ دیکھنے میں آیا تھا۔ ایشیا کپ 2025 کی اختتامی تقریب میں بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی، جس کے باعث ٹرافی دیے بغیر تقریب اختتام پذیر ہوگئی تھی۔بعد ازاں ایشین کرکٹ کونسل کی انتظامیہ ٹرافی واپس لے گئی تھی جبکہ بھارتی ٹیم اسٹیج پر کھڑی انتظار کرتی رہ گئی۔ اسی طرح دسمبر 2025 میں بھارتی انڈر 19 ٹیم نے بھی رنر اپ میڈلز محسن نقوی سے لینے سے گریز کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp