اگر آپ عائشہ عمر کی فٹبال پر مبنی فلم ‘میرا لیاری’ سینما گھروں میں نہیں دیکھ سکے تو اب اسے گھر بیٹھے دیکھنے کا موقع ملے گا، کیونکہ فلم کا ٹی وی پریمیئر 31 جولائی کو رات 10 بجے کیا جا رہا ہے۔
سندھ فلمز نے منگل کے روز انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ فلم کا ٹی وی پریمیئر ایگزیکٹو پروڈیوسر عائشہ عمر اور ہدایت کار ابو علیحہ کے اشتراک سے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیٹنگ رئیلٹی شو ’لازوال عشق‘ پر تنقید کے بعد عائشہ عمر کی وضاحت، سوشل میڈیا صارفین اب کیا کہتے ہیں؟
اعلان کے مطابق فلم جیو کہانی، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ، اے پلس، گرین انٹرٹینمنٹ، ٹی وی ون، سندھ ٹی وی، کے ٹی این، خیبر اور فلمیکس پر 31 جولائی کو رات 10 بجے نشر ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں عائشہ عمر، دانہ نیر مبین، ٹرینیٹ لوکاس، سمیعہ ممتاز، نیئر اعجاز، پراس مسرور، عدنان شاہ ٹیپو اور شعیب حسن شامل ہیں۔
View this post on Instagram
‘میرا لیاری’ کی کہانی ایک معذور خاتون فٹبال کوچ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار عائشہ عمر نے ادا کیا ہے۔ وہ گھریلو تشدد پر مبنی شادی سے نجات حاصل کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے لیاری واپس آتی ہے تاکہ وہاں لڑکیوں کے لیے فٹبال ٹرائلز کا انعقاد کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ عائشہ عمر اور ان کی ہمشکل میں فرق کرسکتے ہیں؟
اسی دوران افسانہ، جو اپنے سخت گیر والد کی مخالفت کے باوجود فٹبال کھیلنا چاہتی ہے، اور کشمالہ، جو زبردستی کی شادی سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے، فٹبال کو اپنی آزادی اور بہتر مستقبل کی امید کے طور پر اپناتی ہیں۔ دونوں خفیہ طور پر کوچ کے ساتھ تربیت حاصل کرتی ہیں تاکہ قومی سطح پر مقابلوں میں شرکت کا موقع حاصل کر سکیں۔
ہدایت کار ابو علیحہ کے مطابق فلم کی سب سے بڑی خوبی اس کی حقیقت سے قریب تر پیش کش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کی تقریباً 80 فیصد کاسٹ، معاون اداکار، مقامی فٹبال ٹیموں کے ارکان اور مرکزی اداکار شعیب حسن بھی لیاری کے حقیقی رہائشی ہیں۔
حکومتِ سندھ کے تعاون سے بننے والی اس فلم کو صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان اور لیاری کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثر کا جواب قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اب شادی کرکے ماں بننا چاہتی ہوں، عائشہ عمر
ان کے مطابق فلم لیاری کا حقیقی چہرہ، یعنی امن، ترقی اور مقامی لوگوں کے وقار کو اجاگر کرتی ہے۔
پاکستان میں مئی کے دوران سینما گھروں میں نمائش سے قبل ‘میرا لیاری’ کو برطانیہ کے یو کے ایشین فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔














