وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کی حد کے قریب پہنچ گئی جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں، پولیس
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1748.30 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ پانی کے دباؤ کو معمول پر رکھنے کے لیے اسپل ویز ہفتہ کی صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔














